لاہور(5 ستمبر 2026): پاکستانی گلوکارہ نتاشا بیگ کا انکشاف کیا ہے کہ انہیں بالی ووڈ فلم ’ٹائیگر زندہ ہے‘ میں قومی ترانہ گانے کی آفر ہوئی تھی۔
حال ہی میں ایک یوٹیوب شو کے دوران گفتگو کرتے ہوئے معروف پاکستانی گلوکارہ نتاشا بیگ نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں بالی ووڈ کی مشہور فلم ’ٹائیگر زندہ ہے‘ کے ایک اہم سین میں قومی ترانہ گانے کے لیے باضابطہ طور پر رابطہ کیا گیا تھا، تاہم دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث یہ منصوبہ کھٹائی میں پڑ گیا۔
نتاشا بیگ نے بتایا کہ پاک بھارت تعلقات خراب ہونے سے پہلے انہیں ایک بڑی پیشکش موصول ہوئی تھی۔ان کا کہنا تھا کہ فلم کے اختتام پر ایک ایسا سین آتا ہے جہاں قومی ترانہ بجایا جاتا ہے، اور حالات خراب ہونے سے قبل ان کے پاس کال آئی تھی کہ وہ اور چند دیگر کور سنگرز اس آخری سین میں قومی ترانہ پرفارم کریں۔
انہوں نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس خبر پر شدید حیرت اور خوشی کے عالم میں تھیں کیونکہ انہیں یقین ہی نہیں آرہا تھا کہ یہ سچ ہے۔ تمام تیاریاں اور لاجسٹکس کے معاملات طے پا چکے تھے، لیکن اسی دوران دونوں ممالک کے تعلقات میں تناؤ آ گیا اور یہ بالی ووڈ کی طرف سے ان کی پہلی اور آخری کال تھی، جس کے بعد آگے کوئی بات نہیں بڑھ سکی۔
علی عباس ظفر کی ہدایت کاری اور یش راج فلمز کے بینر تلے بننے والی فلم ’ٹائیگر زندہ ہے‘ دسمبر 2017 میں ریلیز کی گئی تھی۔ سلمان خان اور کترینہ کیف کی مرکزی اداکاری سے سجی یہ فلم 2012 میں ریلیز ہونے والی فلم ’ایک تھا ٹائئگر‘ کا سیکوئل تھی۔
اس سے قبل بھارتی فلم انڈسٹری میں پاکستانی فنکاروں پر پابندی کے باوجود نامور پاکستانی گلوکار عاطف اسلم نے اس فلم کے لیے مقبول ترین گانا ’دل دیاں گلاں‘ بھی گایا تھا۔
واضح رہے کہ گلگت بلتستان کی وادی ہنزہ سے تعلق رکھنے والی نتاشا بیگ ایک معروف گلوکارہ اور نغمہ نگار ہیں، جو صوفی راک، فوک اور کلاسیکل موسیقی کے اصناف میں اپنی منفرد شناخت رکھتی ہیں۔
انہوں نے 2013 میں رئیلٹی شو ’کورنیٹو میوزک آئکنز‘ میں شاندار پرفارمنس کے ذریعے شہرت حاصل کی اور بعد ازاں کوک اسٹوڈیو پاکستان میں ’شکوه‘ گانے سے وسیع پیمانے پر پذیرائی حاصل کی۔


