کراچی: معروف اداکارہ نتاشہ حسین کا کہنا ہے کہ ان کے پہلے ڈرامے کے ہیرو ندیم بیگ نے انہیں دیکھ کر مسترد کردیا تھا جس سے انہیں بے حد صدمہ ہوا تھا۔
تفصیلات کے مطابق معروف اداکارہ نتاشہ حسین اے آر وائی نیوز کے پروگرام ہمارے مہمان کی مہمان بنیں، پروگرام میں انہوں نے اپنی زندگی کے متعلق بہت کچھ بتایا۔
نتاشہ نے بتایا کہ ان کا پہلا ڈرامہ ندیم بیگ کے ساتھ تھا جنہیں وہ بچپن سے بے حد پسند کرتی تھیں۔ لیکن ندیم بیگ نے انہیں دیکھ کر مسترد کردیا اور کہا کہ وہ ان کے ساتھ اداکاری نہیں کریں گے۔
اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے کبھی غربت نہیں دیکھی، ان کے ہاتھ دیکھ کر کئی لوگوں نے کہا کہ وہ بہت خوش قسمت ہیں۔
نتاشہ نے اپنی بیٹی تانیہ حسین سے بھی ملوایا، تانیہ نے بتایا کہ انہوں نے ایک بار والدہ کے کہنے پر ہمسفر ڈرامہ دیکھا اور اس کے بعد سے انہیں اداکاری کا شوق ہوگیا۔
تانیہ کے مطابق انہوں نے اداکاری والدہ سے زیادہ ماہرہ خان سے سیکھی۔