کراچی : مہنگی بجلی کے خلاف ملک بھر میں عوام بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل آئے، عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ حکمرانو!بجلی سستی کرو،اپنی عیاشی ختم کرو۔
تفصیلات کے مطابق مہنگی بجلی کے خلاف احتجاج میں مزید شدت آگئی، ملک بھر میں عوام بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل آئے۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں مہنگی بجلی کیخلاف مظاہرے کیے گئے ، جس میں خواتین اور بچوں نے دہائیاں دیں کہ حکمرانو!بجلی سستی کرو،اپنی عیاشی ختم کرو۔
عائشہ منزل،کورنگی اورفائیواسٹارچورنگی پر بھرپور احتجاج کیا گیا ، عوام نے کہا ارباب اختیار نوشتہ دیوارپڑھ لیں، آپ کے محل بھی نہیں بچیں گے۔
یاسین آبادمیں بھی ریلی نکالی گئی، شرکا نے عائشہ منزل پردھرنا دیا اور بجلی سستی ہونے تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا۔
کورنگی لیبراسکوائر پر بھی بجلی کے ستائے سڑکوں پرآئے، کئی مظاہرین نے بجلی کے بلوں کو آگ لگا دی۔