اسلام آباد : قومی اسمبلی کے آج ہونے والے اجلاس کا 27 نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا ، متعدد اہم قومی امور اور عوامی مسائل پر بحث کے ساتھ ساتھ قانون سازی شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کا اہم اجلاس آج شام 5 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں طلب کر لیا گیا ہے، جس کے لیے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے 27 نکاتی تفصیلی ایجنڈا بھی جاری کر دیا ہے۔
اس اجلاس میں متعدد اہم قومی امور اور عوامی مسائل پر بحث کے ساتھ ساتھ قانون سازی بھی کی جائے گی۔
جاری کردہ ایجنڈے میں کہا گیا کہ اجلاس کے دوران اہم قانون سازی کے عمل کے تحت انٹر بورڈ کوآرڈینیشن کمیشن ترمیمی بل 2025 اور اسلام آباد وفاقی علاقہ میں نجی تعلیمی اداروں کے رولز اینڈ ریگولیشنز ترمیمی بل 2026 ایوان میں پیش کیے جائیں گے۔
اس کے علاوہ مختلف قائمہ کمیٹیوں کی رپورٹس بھی ایوان کے سامنے رکھی جائیں گی۔
ایجنڈے میں دو انتہائی اہم توجہ دلاؤ نوٹس بھی شامل ہیں؛ پہلا نوٹس پاکستان میں ایچ آئی وی کے بڑھتے ہوئے کیسز پر تشویش کے حوالے سے ہے، جبکہ دوسرا نوٹس کوئٹہ میں کسٹمز ویئر ہاؤس میں لگنے والی ہولناک آگ کے نتیجے میں قیمتی گاڑیوں، املاک اور سرکاری املاک کے نقصان سے متعلق ہے۔
اجلاس میں معمول کے مطابق وقفہ سوالات بھی ہوگا، جبکہ ارکان نکتہ اعتراض سے ہٹ کر قاعدہ 18 کے تحت عوامی اہمیت کے معاملات اٹھا سکیں گے۔
ایجنڈے میں صدرِ مملکت کے دونوں ایوانوں کے مشترکہ خطاب پر شکریہ کی قرارداد بھی شامل کی گئی ہے۔


