کیا آپ نے کبھی بس، کار، یا کشتی میں سفر کرتے ہوئے طبیعت خراب محسوس کی ہے؟ اگر ہاں، تو آپ موشن سکنیس (Motion Sickness) کا شکار ہو سکتے ہیں، جسے عام زبان میں "سفر کی بیماری” بھی کہا جاتا ہے۔
اس میں متلی، چکر آنا، اور بعض اوقات الٹی بھی ہو سکتی ہے۔ آئیے جانتے ہیں کہ ایسا کیوں ہوتا ہے اور اس سے بچنے کے آسان طریقے کیا ہیں؟
یہ مسئلہ اس وقت پیدا ہوتا ہے جب ہمارا دماغ، آنکھیں اور اندرونی کان حرکت سے متعلق مختلف سگنلز بھیجتے ہیں، جس سے دماغ الجھن میں پڑ جاتا ہے۔
جب آپ گاڑی میں بیٹھے ہوں اور باہر دیکھ رہے ہوں، تو آنکھیں سمجھتی ہیں کہ آپ حرکت کر رہے ہیں۔
لیکن اگر آپ کتاب پڑھ رہے ہوں یا موبائل استعمال کر رہے ہوں، تو آنکھیں دماغ کو بتاتی ہیں کہ آپ ساکن ہیں، جبکہ اندرونی کان جسم کی حرکت کو محسوس کر رہا ہوتا ہے۔
اس تضاد کی وجہ سے متلی، چکر، اور بعض اوقات الٹی جیسے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔
الٹی کی عام وجوہات
دماغ اور اندرونی کان کے سگنلز میں تضاد، جب آنکھیں اور اندرونی کان مختلف سگنلز بھیجتے ہیں، تو دماغ کنفیوژن کا شکار ہو جاتا ہے۔
ذہنی دباؤ اور خوف – کچھ لوگ سفر سے پہلے ہی گھبراہٹ محسوس کرتے ہیں، جو متلی کا سبب بن سکتا ہے۔
تیز رفتاری اور جھٹکے، اگر گاڑی بہت زیادہ جھٹکے کھا رہی ہو تو معدے میں بے چینی پیدا ہو سکتی ہے۔
بھاری کھانے، سفر سے پہلے بہت زیادہ چکنائی والا یا مصالحے دار کھانا کھانے سے بھی طبیعت خراب ہو سکتی ہے۔
بچاؤ کیسے ممکن ہے؟
کھڑکی سے باہر کا منظر دیکھیں، کتاب یا موبائل استعمال نہ کریں۔ اگر ممکن ہو تو گاڑی کی کھڑکی کھولیں تازہ ہوا لیں یا اے سی چلائیں۔
ہلکی خوراک کھائیں، سفر سے پہلے ہلکا اور کم مقدار میں کھائیں، زیادہ چکنائی یا مصالحہ دار کھانے سے پرہیز کریں۔ ادرک استعمال کریں، ادرک چبانے یا اس کی چائے پینے سے متلی کم ہو سکتی ہے۔
گہری سانسیں لیں، آہستہ آہستہ سانس لینے سے جسم پرسکون رہتا ہے۔ صحیح جگہ بیٹھیں، گاڑی میں اگلی نشست پر بیٹھیں تاکہ جھٹکے کم محسوس ہوں۔
ادویات کا استعمال، اگر آپ کو بار بار یہ مسئلہ ہوتا ہے تو ڈاکٹر سے مشورہ کر کے موشن سکنیس کی دوائی لے سکتے ہیں۔
سفر کے دوران الٹی آنا ایک عام مسئلہ ہے، لیکن چند آسان تدابیر اختیار کر کے اس سے بچا جا سکتا ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


