سندھ کے شہر نوشہروفیروز میں ٹرالر اور وین میں خوفناک تصادم کے باعث 6 افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق نوشہروفیروز میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں ٹریفک حادثے نے 6 افراد کی جان لے لی جبکہ 15 افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حادثہ قومی شاہراہ پر چار میل کے قریب پیش آیا، زخمیوں کو مورو اور نوابشاہ کے اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا، وین سوار حیدر آباد سے شادی کی تقریب سے واپس آرہے تھے۔
دوسری جانب، پنجاب کے ضلع جھنگ میں گڑھ موڑ کے قریب ہائی روف اور ٹریکٹر ٹرالی میں تصادم کے نتیجے میں 12 افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق حادثہ ہائی روف کے بریک فیل ہونے کے باعث پیش آیا، تمام زخمیوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔
پولیس کے مطابق ہائی روف فیصل آباد سے فتح پور جارہی تھی، حادثے میں زخمی ہونے والے تمام افراد کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
اس سے قبل لونی کوٹ کے مقام پر رات درمیانی شب ٹرالر اور مسافر وین میں تصادم ہوا تھا، جس کے نتیجے میں 3 مسافرجاں بحق اور 14 زخمی ہو گئے تھے۔
پولیس نے بتایا تھا کہ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، مزید کہا تھا کہ تمام زخمیوں کو جامشورو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، 3 افراد کی حالت تشویش ناک ہے۔
بعد ازاں، پولیس نے بتایا تھا کہ مقام ٹریفک حادثے کے مزید 3 زخمی دم توڑ گئے، جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہوگئی۔