کراچی: پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ذکا اللہ نے کہا ہے کہ سی پیک شروع ہوتے ہی بحری سرگرمیاں کئی گنا بڑھ جائیں گی، ملکی معیشت کے اس اہم پہلو کی اہمیت کا صحیح ادراک کیا جائے۔
ورلڈ میری ٹائم ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے کہا کہ اس حقیقت کے باوجود کہ پاکستان کو قدرت نے طویل ساحلی پٹی اور بے پناہ آبی وسائل سے نوازا ہے، ملکی سطح پر ان وسیع بحری امکانا ت کا مناسب ادراک نہیں پایا جاتا۔
ان کا کہنا تھا کہ سی پیک کے آغاز کے ساتھ پاکستان میں بحری سرگرمیاں کئی گنا بڑھ جائیں گی لہذا ہمارے بحری شعبے کی منظم ترقی کے ضمن میں بندرگاہوں اور جہاز رانی کی صنعت کے درمیان موجودہ اشتراک مزید اہمیت اختیار کرجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اولین ضرورت اس امر کی ہے کہ ملکی معیشت کے اس اہم پہلو کی اہمیت کا صحیح ادراک کیا جائے اور اپنے عوام بالخصوص نوجوان نسل اور میر ی ٹائم انفرا اسٹرکچر کی استعداد کو بڑھانے کے لیے مناسب مواقع پیدا کیے جائیں تاکہ ملکی بحری وسائل سے دیرپا فوائد حاصل کیے جاسکیں۔
میری ٹائم سیکٹر کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے نیول چیف نے کہا کہ پاکستان نیوی ملک کے بحری شعبے کی مستقبل کی ضروریات سے مکمل طور پر آگاہ ہے اور اس سے متعلق عوامی شعور اجاگر کرنے کی ہر ممکن کوشش کررہی ہے جو کہ ایک بنیادی ضرورت ہے۔
دریں اثنا سربراہ پاک بحریہ نے ورلڈ میری ٹائم ڈے کے حوالے سے مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کیا جن میں ہاربر کی صفائی، ٹاک شوز، مضمون نویسی کے مقابلے، خصوصی لیکچرز، بوٹ ریلیز، پاک بحریہ کے اسکولز اور کالجز میں مختلف پروگرامز اور عوام الناس کے لیے پاکستان میری ٹائم میوزیم میں فری انٹری اور میری ٹائم گالا کا انعقاد، جس میں خصوصی اسٹالز کا قیام شامل تھے۔
پاکستان نیوی نے پی این وار کالج لاہور میں ’محفوظ سمندر۔ خوشحال پاکستان‘ کے عنوان سے 15 روزہ میری ٹائم سیکیورٹی ورکشاپ کا بھی انعقاد کیا۔