اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے سنیئر رہنما نوید قمر نے کہا ہے کہ کوشش ہوگی کہ نگراں وزیراعظم کامعاملہ پارلیمان میں ہی حل ہوجائے.
ان خیالات کا اظہار انھوں نے پارٹی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا. ان کا کہنا تھا کہ اجلاس میں نگراں وزیراعظم کےمعاملے پر بھی مشاورت کی گئی.
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ نگراں وزیراعظم کے لئے حکومت اور اپوزیشن کی کافی ملاقاتیں ہو چکی ہیں، البتہ ڈیڈلاک برقرار ہے، معاملہ پارلیمان میں حل کرنے کی آخری دن تک کوشش کریں گے.
نویدقمرنے کہا کہ کوشش ہوگی کہ معاملہ جلد حل ہو، نگراں وزیراعظم کا فیصلہ الیکشن کمیشن کے پاس نہ جائے. ان کا کہنا تھا کہ اس معاملے میں تحریک انصاف کو بھی اعتماد میں لیا گیا تھا.
نوید قمر نے کہا کہ پارٹی اجلاس میں مختلف معاملات پر بات ہوئی، فاٹا بل کی منظوری پر عوام کو مبارکباد دی گئی، نگران وزیراعظم کا معاملہ بھی زیر بحث آیا.
واضح رہے کہ آج اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا تھا کہ اب وزیراعظم سے نگراں وزیراعظم کے معاملے میں ملاقات نہیں ہوگی، ہوسکتا ہے، پارلیمانی کمیٹی کے لیے دو نام اسپیکر کو بجھوا دوں، نوید قمر اور شیری رحمان پارلیمانی کمیٹی میں شامل ہوں گے.
اب وزیراعظم سے نگراں وزیراعظم کے معاملے پر کوئی ملاقات نہیں ہو گی: خورشید شاہ