اشتہار

نواب آف بہاولپور کے گھر سے کروڑوں کے قیمتی نوادرات چوری کرنے والے ملزمان گرفتار

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : نواب آف بہاولپور کے گھر سے کروڑوں کے قیمتی نوادرات چوری کرنے والے ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت کے علاقے سیکٹر ایف ایٹ تھری میں نواب آف بہاولپور فیملی کی رہائش گاہ سے قیمتی تاریخی نوادرات اور دیگر نایاب سامان چوری کرنے والے گروہ کو گرفتار کر لیا گیا۔

ترجمان اسلام آباد پولیس نے بتایا کہ تھانہ مارگلہ نے جدید ٹیکنالوجی، سیف سٹی کیمروں اور خبر رساں ذرائع کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے چوری میں ملوث 6 ملزمان کو گرفتار کیا، جن کے قبضے سے چوری شدہ سامان کا تقریباً 70 سے 80 فیصد حصہ برآمد کر لیا گیا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا تھا کہ نواب بہاولپور فیملی کے گھر سے چوری ہونے والے نوادرات کی مجموعی مالیت تقریباً 2 کروڑ روپے بنتی ہے۔

برآمد اور چوری شدہ اشیا میں ریاستِ بہاولپور کے سرکاری نشان والے تاریخی سونے اور چاندی کے فریم ، خالص چاندی کی تخت نما کرسی، چاندی کی سیڑھیاں، چاندی کے پیالے اور سونے کی پلیٹیں سمیت مختلف تاریخی مجسمے، قدیم بندوقیں اور نایاب تلواریں شامل ہیں۔

FOLLOW US ON ARY TUBE

پولیس نے گرفتار تمام 6 ملزمان کو عدالت میں پیش کیا، جہاں عدالت نے انہیں 3 روز کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔

ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا کا کہنا ہے کہ باقاعدہ تفتیش کا دائرہ بڑھا دیا گیا ہے تاکہ باقی ماندہ مال مسروقہ بھی برآمد کیا جا سکے اور گروہ کے دیگر سہولت کاروں کو گرفتار کیا جا سکے۔

پولیس حکام نے واضح کیا ہے کہ شہریوں کے قیمتی اثاثوں پر ڈاکہ ڈالنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز بلا تاخیر کارروائیاں جاری رہیں گی اور تمام ملزمان کو عدالت سے سخت ترین سزا دلوائی جائے گی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں