کوئٹہ : بلوچستان کے نامزد وزیر اعلی نواب ثناء اللہ زہری نے کہا ہے کہ بلوچستان کو مسلم لیگ کا قلعہ بنارہے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلیٰ نامزد ہونے کے بعد پہلی مرتبہ کوئٹہ پہنچنے پر اپنی رہائش گاہ میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
قبل ازیں بلوچستان میں مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر نواب ثناءاللہ زہری وزیراعلیٰ نامزدگی کے بعد پہلی بار ہفتہ کی شام اسلام آباد سے کوئٹہ پہنچے تو مسلم لیگی صوبائی وزراءاراکین اسمبلی اور کارکنوں نے ان کا والہانہ استقبال کیا۔
اس موقع پر صوبائی وزراءسرفرازبگٹی شیخ جعفر مندوخیل قائمقام اسپیکر عبدالقدوس بزنجو اور مسلم لیگی ارکان اسمبلی اور کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف نے ان پر جو اعتماد کیا ہے اس پر وہ شکرگزارہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کی کوشش ہوگی کہ وزیر اعظم کی جانب سے کئے جانے والے اعتماد پر پورا کرلیں ،انہوں نے والہانہ استقبال پر مسلم لیگ کے کارکنوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ والہانہ استقبال ان کے لئے کسی اعزاز سے کم نہیں۔
واضح رہے کہ نواب ثناءاللہ زہری نیشنل پارٹی کے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی جگہ بلوچستان میں سہ جماعتی اتحاد کی جانب سے صوبے کے نئے وزیراعلیٰ نامزد ہوئے ہیں توقع ہے کہ آئندہ چند روز میں وہ اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے.