کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نوازحکومت بجلی کی لوڈشیدنگ کو سندھ کے عوام کے لیے انتقامی کارروائی کا نشانہ بنانے کے لیے استعمال کر رہی ہے، اس طرح کی پالیسیاں فیڈریشن کو نقصان پہنچا رہی ہیں۔
بلاول ہاوٴس میں سینیٹر اسلام الدین شیخ، ایم پی اے اکرام اللہ دھاریجو اور ڈاکٹر بہادر ڈاہری سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتوں میں بات چیت کرتے ہوئے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سکھر سے ٹھٹھہ تک اور کراچی سے تھر تک تقریباً پورے سندھ میں روزانہ 18سے 20گھنٹے کی طویل لوڈشیدنگ سندھ کے عوام کو پیپلزپارٹی کے ساتھ کھڑا رہنے کی سزا کی مصنوعی کوششیں ہیں۔
سینیٹر اسلام الدین شیخ اور دیگر رہنماوٴں نے اپنے اپنے علاقوں کی سیاسی صورتحال اور ترقیاتی کاموں پر بریفنگ دی، انہوں نے اپنے علاقوں میں طویل لوڈشیڈنگ کی شکایات پیش کیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے نواز حکومت کی عوام کے لیے متعصب پالیسی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی، ان کی قیادت اور کارکنان ایسی پالیسی کی شدید مخالفت کریں گے۔