اسلام آباد : وزیر اعظم کے ترجمان ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ اپنے فائدے کیلئے ن لیگ اور پی پی نے میثاق جمہوریت کیا، ملک کی بدقسمتی ہے کہ اشرافیہ کا احتساب نہیں ہوپاتا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام پاور پلے میں میزبان ارشد شریف سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا، ندیم افضل چن نے کہا کہ اپنے فائدے کیلئے ن لیگ اور پی پی نے میثاق جمہوریت کیا، نوازشریف نے تیسری بار وزیراعظم بننے کیلئے پی پی سے ہاتھ ملایا تھا، فواد چوہدری پاکستان کے وفاقی وزیر ہیں وہ کہیں بھی جاسکتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اپوزیشن اراکین پارلیمنٹ کو نہیں چلنے دے رہی تھے، انہوں نے پارلیمنٹ کو جام کیا ہوا تھا جس پر شہباز شریف کو چیئرمین پی اے سی بنایا گیا، ملک کی بدقسمتی ہے اشرافیہ کا احتساب نہیں ہوپاتا۔
ایک سوال کے جواب میں ترجمان وزیر اعظم نے کہا کہ قوم کے پیسوں پر ذاتی لڑائی لڑی جارہی ہے، پرانے سیاستدان قوم سے معافی مانگ کر الگ ہوجائیں۔
سیاست میں نئے لوگوں کو اب آنے دیا جائے، عدل کے ساتھ احتساب پر دونوں جماعتیں متفق ہوجائیں تو حکومت ساتھ دے گی، وزیراعظم عمران خان کی نیت اور عمل 100فیصد ملک کیلئے ہے۔