جیکب آباد: وزیراعظم میاں محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی نے سندھ کے لوگوں کے ساتھ زیادتی کی مسلسل حکومت کے باوجود صوبے میں ترقی کا کوئی کام نہیں ہوسکا اور کراچی جیسے شہر کو کچرے کا ڈھیر بنادیا، جیکب آباد کی خوشحالی کے لیے 100 کروڑ روپے دینے کا اعلان کرتا ہوں۔
جیکب آباد میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے نوازشریف نے پیپلزپارٹی کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں ڈاکو راج تھا اور کراچی میں دہشت کے بادل منڈلاتے تھے مگر ہم نے سندھ اور کراچی کو امن کا گہوارا بنایا۔
انہوں نے کہا کہ جلسے میں عوام کی بڑی تعداد اس بات کی غمازی کررہی ہے کہ سندھ حکومت نے یہاں کے لوگوں کو مایوس کیا اور ان کا کوئی خیال نہیں رکھا، جیکب آباد جیسے علاقے میں سڑکیں، اسکول اور اسپتال تک موجود نہیں ہیں۔
نوازشریف نے کہا کہ مجھے آج 100 سال پہلے والا جیکب آباد دکھ رہا ہے اور اس میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور سندھ حکومت نے کراچی کو بھی کچرے کا ڈھیر بنادیا جہاں جاؤ کچرا ہی کچرا اور دھول اڑتی دکھائی دیتی ہے۔
وزیر اعظم پاکستان نے کہا کہ جیکب آباد کے لوگوں نے ہم سے امیدیں وابستہ کرلی ہیں اس لیے میں 100 کروڑ روپے دینے کا اعلان کرتا ہوں تاکہ لوگوں کو معیاری سہولیات زندگی میسر آسکیں اور بچوں کے لیے اسکول تعمیر کیے جائیں۔
نوازشریف نے کہا کہ خالی ہاتھ نہیں آیا جیبیں بھر کر لایا ہوں، 100 کروڑ کی رقم ٹھیک طریقے سے عوام پر خرچ ہوگی اور عوام کو اس کے ثمرات بھی ملیں گے، جلد عوام کو ہیلتھ کارڈ جاری کیے جائیں گے تاکہ مفت علاج کی سہولیات دی جاسکیں۔