لاہور (17 جون 2026): سابق وزیر اعظم نواز شریف نے اپیل کی ہے کہ آزاد جموں و کشمیر کے عوام پاکستان سے اپنا نظریاتی رشتہ برقرار رکھتے ہوئے پُرامن رہیں۔
صدر مسلم لیگ (ن) نواز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس ہوا جس میں آزاد جموں و کشمیر کی سیاسی اور انتظامی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ایک واضح مؤقف رکھتی ہے، جموں و کشمیر کے عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت ملنا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر میں بجلی 3 روپے باقی ملک میں 48 روپے یونٹ ہے، رانا ثنا اللہ
نواز شریف نے کہا کہ (ن) لیگ نے ہمیشہ آزاد جموں و کشمیر کے عوام کی تعمیر و ترقی کو ترجیح دی ہے، عوام کی فلاح و بہبود کیلیے تمام تر کوششیں اور صلاحیتیں بروئے کار لائی جائیں، عوامی حقوق کیلیے آئین کے اندر رہتے ہوئے جدوجہد کرنی چاہیے۔
سابق وزیر اعظم نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) تمام جمہوری قوتوں کے ساتھ مل کر اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی، کشمیریوں نے پاکستان کیلیے لازوال قربانیاں دی ہیں، جموں و کشمیر کے عوام پاکستان سے اپنا نظریاتی رشتہ برقرار رکھتے ہوئے پرامن رہیں، عوام دھرنوں کو ختم کر کے بامقصد مذاکرات کریں۔
’امید ہے تمام جماعتیں مل کر آزاد کشمیر میں امن کی بحالی کیلیے کردار ادا کریں گی۔ موجودہ حالات میں حکومت پاکستان اور دفاعی اداروں نے بے مثال کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ پاکستان اور آزاد کشمیر میں بھائی چارے اور رواداری کی سیاست کو فروغ دینا چاہیے۔‘


