لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ نواز شریف مسلسل انجائنا کی تکلیف میں مبتلا ہیں، حکومت کی جانب سے ان کے علاج کے سلسلے میں سنجیدگی نہیں دکھائی جا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کو کوٹ لکھپت جیل میں کئی مرتبہ انجائنا کی تکلیف اٹھی، جس کے باعث انھیں جیل سے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی منتقل کیا جا رہا ہے۔
سابق وزیرِ اعظم کی صاحب زادی مریم نواز نے دعویٰ کیا کہ نواز شریف کو گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 4 بار انجائنا کا درد اٹھا مگر حکومت انھیں کوئی طبی امداد فراہم نہیں کر رہی۔
سابق وزیرِ داخلہ احسن اقبال نے حکومت پر تنقید کی ہے کہ حکومت نواز شریف کی صحت سے کھیل رہی ہے، نواز شریف کو مسلسل انجائنا کی تکلیف ہے لیکن حکومت کی جانب سے سنجیدگی نہیں دکھائی جا رہی۔
یہ بھی پڑھیں: نواز شریف نے جیل سے اسپتال جانے سے انکار کر دیا: ذرائع
رہنما ن لیگ نے دعویٰ کیا کہ نواز شریف کو انتقامی پالیسی کے تحت نظر انداز کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نوازشریف کو ایک ہفتے میں چار بار درد اٹھا، حکومت طبی سہولیات نہیں دے رہی، مریم
دوسری طرف جب کہ حکومت نواز شریف کو دل کے علاج کے لیے اسپتال منتقل کر رہی ہے، ایسے میں نواز شریف نے اسپتال جانے سے انکار کر دیا ہے۔
وزیرِ اعظم عمران خان نے بھی نواز شریف کی فوری اسپتال منتقلی کی ہدایت کی تھی۔