لاہور: سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر نے نواز شریف کو فوری علاج کا مشورہ دیا ہے، لیکن نواز شریف نے پھر اسپتال جانے سے انکار کردیا۔
تفصیلات کے مطابق شہبازشریف نے کوٹ لکھپت جیل میں نوازشریف سے ملاقات کی، اس موقع پر سابق وزیراعلیٰ نے ان سے خیریت دریافت کی اور علاج معالجے سے متعلق گفتگو کی۔
ملاقات کے بعد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نوازشریف کو کئی دن سے انجائنا کی تکلیف ہے اور ڈاکٹر نے فوری علاج کا کہا ہے، لیکن نواز شریف اسپتال نہ جانے پر بضد ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ نوازشریف کہتے ہیں پہلے اسپتال لے جایا گیا علاج نہیں کیا گیا، جہاں پر صرف معائنہ ہوا تھا۔
دوسری جانب مریم نواز نے بھی اپنے ٹویٹ میں کہا کہ نوازشریف سے جیل میں ملاقات ہوئی، نوازشریف ابھی تک اسپتال جانے پر رضا مند نہیں ہوئے۔
مریم نواز نے مزید لکھا کہ ڈاکٹرز کے مطابق نوازشریف کے دل کی بیماری بگڑرہی ہے۔ انھوں نے جیل حکام سےدرخواست کی ہے کہ زندگی بچانے کے یونٹ کا انتظام کریں، نوازشریف کو صحت کی سہولتیں ملنی چاہییں۔
نواز شریف مریم نواز ملاقات، جیل میں جان بچانے والے خصوصی یونٹ کے انتظام کی درخواست
خیال رہے 25 فروری کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے طبی بنیادوں پرضمانت پر رہائی سے متعلق فیصلہ سنایا تھا، فیصلے میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کی درخواست ضمانت کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا نوازشریف کوایسی کوئی بیماری لاحق نہیں ،جس کاعلاج ملک میں نہ ہوسکے، عدالتی فیصلے کے بعد نوازشریف کو جناح اسپتال سے ایک بار پھر کوٹ لکھپت جیل منتقل کردیا گیا تھا۔