معاون خصوصی ڈاکٹرشہبازگل نے کہا ہے کہ نوازشریف تو پہلے ہی اشتہاری تھے اب نوازشریف اشتہاری پلس ہوگئے ہیں۔
نوازشریف کی اپیلیں مسترد ہونے پر ردعمل دیتے ہوئے شہبازگل نے کہا کہ نوازشریف کی حیثیت قوم کے سامنے ہے کہ کس طرح لوٹ مار کی یہ خود بھاگ کر گئے ہیں، اگر کچھ غلط نہ کیا ہوتا تو یہاں پرہوتے اب ان کو عوام کو جواب دینا پڑے گا۔
شہبازگل نے کہا کہ جو کرپشن کرےگا اس کو احتساب کا سامنا کرنا پڑے گا انشاللہ ہر کرپٹ سیاستدان کا احتساب ہو گا بھلے وہ کسی جماعت سے ہی ہو،پاکستان بدل چکا۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی پوری کوشش ہے کہ مفرور کو واپس لایاجائے ہم یہ بھی کوشش کریں گے کہ ان کا جھوٹ کا بیانیہ بےنقاب کیاجائے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے نوازشریف کی اپیلوں پر فیصلہ آنے کے بعد اے آروائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ عدلیہ انصاف پر مبنی فیصلے کررہی ہے۔
’نوازشریف ایک ٹکٹ سے دو مزے لینا چاہتے تھے‘
شیخ رشید نے کہا کہ نوازشریف بیماری پر گئے ہیں موت کی گارنٹی صرف اللہ دے سکتا ہے، نوازشریف کو واپس لانے کیلئے کام کر رہےہیں۔
وزیرمملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے فیصلے پر ردعمل میں کہا کہ نوازشریف کوسزائیں مکمل ٹرائل کےبعددی گئیں نوازشریف کےپاس اب کوئی آپشن نہیں بچا انہیں واپس آکر جیل جاناپڑےگا۔
فرخ حبیب نے کہا کہ مریم کس زندگی کی گارنٹی مانگ رہی ہیں؟ مریم نواز دراصل این آراو کی گارنٹی مانگ رہی ہیں؟۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنس میں نوازشریف کی دونوں اپیلیں خارج کرتے ہوئے سزا برقرار رکھنے کا فیصلہ سنایا ہے۔