The news is by your side.

کراچی گند اور کچرے کا ڈھیر بن گیا، موقع ملا تو شہر کو بدل دیں گے: نواز شریف

کراچی: سابق وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ نواز شریف کو الیکشن سے دور رکھنے کی ترکیبیں سوچی جارہی ہیں، قوم نہیں مانے گی۔ کراچی گند اور کچرے کا ڈھیر بن گیا۔ عوام نے موقع دیا تو شہر کو بدل دیں گے۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف آج دو روزہ دورے پر صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی پہنچے جہاں انہوں نے پارٹی کے کارکنوں سے خطاب کیا۔

اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ سب سے زیادہ مصروفیت کورٹ میں پیشیاں بھگتنا ہے۔ پاکستان کے عوام سے بھی بہت دعوت نامے ملتے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو آئین و قانون کے مطابق چلنا چاہیئے۔ پاکستان میں قانون کی حکمرانی ہونی چاہیئے۔ ملک میں نوجوانوں کو باعزت روزگار ملنا چاہیئے۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان پچھلے 4 سالوں میں مثالی ترقی سے گزر رہا تھا۔ ’کراچی کو پچھلے 4 سالوں میں بہت فائدہ ہوا ہے۔ ’2013 اور 2017 کے کراچی میں آپ کو فرق نظر آرہا ہے یا نہیں‘۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے چپے چپے پر بدامنی تھی جسے ہم نے ختم کیا۔ ستمبر 2013 میں کراچی میں تمام مکاتب فکر کے لوگوں کو جمع کیا۔ ستمبر 2013 میں مشترکہ فیصلہ کیا کہ کراچی میں امن کے لیے آپریشن کریں گے‘۔

نواز شریف نے کہا کہ اب جب بھی کراچی آتا ہوں تو بہت تکلیف ہوتی ہے۔ 2018 میں جیسا کراچی ہونا چاہیئے تھا اب ویسا نہیں ہے۔ کراچی گند اور کچرے کا ڈھیر بن گیا ہے، پینے کا پانی بھی نہیں۔ کراچی والوں کو دعوت دیتا ہوں لاہور جا کر دیکھیں۔ ’کراچی لاہور کی طرح عزیز ہے بدقسمتی سے لاہور بازی لے گیا‘۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں غربت اور بے روزگاری انتہا پر ہے، تعلیم نہیں مل رہی۔ ’اللہ نے موقع دیا تو کراچی ایسا شہر بنے گا کہ دنیا دیکھے گی۔ کراچی کے ساتھ پورا صوبہ بدلیں گے۔

انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بجلی بنانے کے دعوے کیے تھے۔ ’دعویٰ کرنے والوں نے ایک ٹکے کی بجلی پیدا نہیں کی۔ میٹروکو جنگلا بس کہنے والے اب خود میٹرو بنا رہے ہیں‘۔

نواز شریف نے کہا کہ عمران خان کہتے تھے 2 ارب درخت لگائیں گے مجھے 200 بھی نظر نہیں آتے۔ دعوے کرنے والوں کے آج پول کھل رہے ہیں۔ ’کراچی سے پشاور تک 6 رویہ موٹر وے تیار ہو رہی ہے، میں موجود ہوتا تو حیدر آباد تا سکھر موٹر وے شروع کر چکے ہوتے‘۔

انہوں نے کہا کہ کراچی اور سندھ والے اب پیچھے نہ رہ جانا، ووٹ دینے سے پہلے کراچی اور سندھ کی حالت کا جائزہ ضرور لیں۔ برے حالات پر انہی کو ووٹ دیں گے تو قصور وار آپ ہوں گے‘۔


اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

Print Friendly, PDF & Email

Comments

comments

یہ بھی پڑھیں