پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ نوازشریف اکتوبر میں آئیں یا دسمبر میری دعا ہے وہ تشریف لائیں لیکن نوازشریف کی بیماری کی وجہ سے شک ہے کہ شاید وہ نہ آئیں۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام سوال یہ ہے میں گفتگو کرتے ہوئے خورشیدشاہ نے کہا کہ نوازشریف بیماری کے باوجود واپس آرہے ہیں تو اچھی بات ہے جب وہ بیمار تھے اور بیماری کی وجہ سے ہی باہر گئے، نوازشریف کے اپنے لوگ انہیں بدنام کر رہےہیں نوازشریف کے اپنے لوگ کہہ رہے ہیں قانونی مسائل کے باعث نہیں آرہے نوازشریف کسی سے ڈر کر نہیں بلکہ بیماری کی وجہ سے باہر گئے۔
خورشیدشاہ نے کہا کہ ن لیگ کے لوگ ایسے بیان دیکر اپنے لیڈر کو جھوٹا ثابت کر رہے ہیں ن لیگ کے جو لوگ ایسی باتیں کرتےہیں ان پر افسوس ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں ماضی کو چھوڑ کر تھوڑا سا آگے بڑھنا چاہیے ہم ہمیشہ ماضی پر بحث کرتے ہیں جو ہو گیا سو ہو گیا ملک اس وقت بحران کا شکار ہے اسے دیکھنا چاہیے حکومتوں نے مدت پوری کر لی دیکھنا ہےآئین کی پاسداری کون کرتا ہے پیٹرول، بجلی کی قیمتیں اور بھی زیادہ اوپر جائیں گی، گندم چینی کی قیمتیں بھی مستقبل میں زیادہ ہوجائیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ سب سے اہم یہ ہے کہ ہمیں الیکشن میں کب جانا ہے انتخابات کی تاریخ کا اختیار الیکشن کمیشن کو دے دیا گیا ہے انتخابات کی تاریخ دینے کا اختیار صدر کے پاس نہیں ہے۔