اسلام آباد : سابق نااہل وزیراعظم نوازشریف سے سابق وزیرداخلہ چوہدری نثار نے ملاقات کی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب ہاؤس سیاسی سرگرمیوں کا مرکز بن گیا، نوازشریف نے پنجاب ہاؤس میں بیٹھک لگا لی ، سابق وزیرداخلہ چوہدری نثار نااہل وزیراعظم نوازشریف سے ملاقات کیلئے پنجاب ہاؤس پہنچ گئے، ملاقات میں سابق وزیرداخلہ نے بیگم کلثوم نواز کی خیریت دریافت کی۔
یاد رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف آج صبح آٹھ بجے لندن سے اسلام آباد ایئرپورٹ پر پہنچے ہیں، سابق وزیر اعظم اپنی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی تیمارداری کے لئے لندن میں تھے‘ لندن سے پاکستان روانہ ہوتے ہوئے نوازشریف کا کہنا تھا کہ عوام کےپیسےمیں بدعنوانی یاخیانت نہیں کی،نیب میں کس قسم کا ریفرنس دائر کیاگیا ہے۔
مزید پڑھیں : سابق وزیراعظم نواز شریف وطن واپس پہنچ گئے
اس سے قبل وزیراعلیٰ شہبازشریف کی چوہدری نثار سے ملاقات ہوئی تھی،جس میں وزیراعلی پنجاب قریبی ساتھی چوہدری نثارکے تحفظات دور کرنے میں ناکام ہوگئے تھے، چوہدری نثار نے مریم نواز کو پارٹی میں اہم عہدہ اور ذمہ داری دینے کی مخالفت کی تھی جبکہ شہبازشریف نے چوہدری نثار کا مؤقف نوازشریف تک پہنچایا۔
یاد رہے کہ گزشتہ کئی عرصے سے نواز شریف اور چوہدری نثار کے درمیان اختلافات کی خبریں گردش کرتی رہی ہے، سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ نواز شریف سے زیادہ تر اختلافات پچھلےادوار میں پالیسی کی وجہ سےآئے، خاندانی پس منظر فوجی ہونے پر فخر ہے، سوشل نہیں ہوں اس لیے مخالفین مجھے مغرور کہتے ہیں۔