وزیراعظم نواز شریف نے افغان حکومت کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف حکمت عملی مرتب کرنے کے حوالے سے آج ایک اہم اجلاس طلب کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے آج اسلام آباد میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کیا ہے۔ وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں سیکیورٹی حکام پشاور واقعہ کے حوالے سے بریفنگ دیں گے۔
اجلاس میں اعلیٰ سول و عسکری حکام شرکت کریں گے۔ وفاقی وزراء خواجہ آصف، چودھری نثار، مشیر برائے قومی سلامتی سرتاج عزیز، آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی اجلاس میں شرکت متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں پشاور حملے کا معاملہ افغانستا ن کے ساتھ اٹھانے کے ساتھ افغان حکومت کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف حکمت عملی پر بھی غور کیا جائے گا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا جائے گا کہ پشاور حملے میں افغان دہشتگردوں کے ملوث ہونے کے ثبوت دے کر کس کو افغانستان بھیجا جائے تاکہ افغان قیادت سے افغانستان میں موجود دہشت گردوں کے خلاف موثر کارروائی کا مطالبہ کیا جا سکے۔
تین روز قبل پشاور میں ایئر فورس کے بیس کیمپ پر حملے میں پاک فوج کے ایک کیپٹن اور تین اہلکاروں سمیت انتیس افراد شہید جب کہ جوابی کارروائی میں تیرہ دہشت گرد ہلاک ہوئے تھے۔