اسلام آباد : وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ جمہوری نظام کو پٹری سے اتارنے کی کوشش سازش کہلاتی ہے، نوازشریف کا اسلام آباد سے لاہورجانا احتجاج نہیں، عوام ان سےاظہار یکجہتی کرنا چاہتے ہیں۔
یہ بات انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، ان کا کہنا تھا کہ 2018میں انتخابات وقت پرہوں گے، آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ ن ہی کامیابی حاصل کریگی کیونکہ ن لیگ اپنے عزم پرثابت قدم رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نظام کو پٹری سے اتارنے کی کوشش سازش کہلاتی ہے، عوامی فلاح کے اقدام کرنیوالے وزیراعظم کو عہدے سے ہٹانا سازش ہے، جس معاملے سےملک کو نقصان ہو اسے سازش ہی کہیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ آرٹیکل 62ون ایف کےخاتمے کیلئے آئینی ترمیم لائیں گے،پارٹی میں وزارت عظمیٰ کاکوئی امیدوار نہیں تھا، 45دن کیلئے وزیراعظم ہوں یا10مہینے کیلئے اس کا فیصلہ پارٹی کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کاسیاسی نظام پختگی کی جانب بڑھ رہا ہے، مسلم لیگ ن سے ایک بھی رکن اسمبلی کہیں نہیں گیا، جمہوری نظام بھی مناسب اندازمیں آگےبڑھ رہاہے، پارٹیاں بدلنے والے سیاستدانوں کا اب کوئی مستقبل نہیں۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نوازشریف کا وفاقی حکومت چلانےکا30سال کا تجربہ ہے، سفارتی امور کیلئے نواز شریف سے بہترکوئی شخص نہیں دیکھا، نوازحکومت نے جتنے ترقیاتی کام کرائے ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی۔
ان کا کہنا تھا کہ خواجہ آصف کامیاب ترین وزیرخارجہ ثابت ہوں گے، تمام ملکوں سےتعلقات بہتر بنانا ہمارا ہدف ہے، چین سےحالیہ تعلقات کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی، روس سےتعلقات کی بحالی اہم کامیابی ہے، بھارت کے ساتھ تعلقات کوبہتربناناملک کےحق میں ہے۔
انہوں نے بتایا کہ منصوبہ بندی وترقی کی وزارت وزیراعظم کے زیرنگرانی ہی رہےگی، سی پیک منصوبوں کا وزیراعظم کی زیرنگرانی رہنابہتر ہوگا۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔