لاہور: سابق وزیراعظم نوازشریف کو شریف میڈیکل اسپتال منتقل کیا جائے گا جہاں ان کا آج پھر طبی معائنہ ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف جاتی امرا سے شریف میڈیکل سٹی اسپتال پہنچیں گے، اس موقع پر شریف میڈیکل کمپلیکس میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
شریف میڈیکل کمپلیکس میں مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کے مزید مختلف ٹیسٹ کیے جائیں گے، ان کے ذاتی معالج ڈاکٹرعدنان بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔
نواز شریف کا شریف میڈیکل سٹی میں دوسری بار طبی معائنہ
خیال رہے کہ دو روز قبل سابق وزیراعظم نواز شریف دوسری بار میڈیکل چیک اپ کے لیے شریف میڈیکل سٹی کمپلیکس پہنچے تھے جہاں ڈاکٹرز نے ڈھائی گھنٹے تک ان کا طبی معائنہ کیا تھا۔
ڈاکٹروں نے مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کو ادویات جاری رکھنے اور مکمل آرام کا مشورہ دیا تھا۔
نوازشریف کا شریف میڈیکل سٹی اسپتال میں طبی معائنہ
یاد رہے 28 مارچ کو سابق وزیراعظم نے شریف میڈیکل سٹی کمپلیکس میں ڈاکٹروں سے ملاقات کی، ڈاکٹروں نے نوازشریف سے ان کی صحت سے متعلق سوالات کیے جبکہ ٹیسٹ بھی کیے گئے تھے ، ان کے ذاتی معالج ڈاکٹرعدنان بھی ان کے ہمراہ تھے۔