اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکریٹری جنرل نیئر بخاری کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو نے سنت کے مطابق نواز شریف کی عیادت کی، ان کے اس عمل نے عوام کے دل جیت لیے۔
تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نیئر بخاری نے کہا کہ چیئرمین پی پی بلاول بھٹو نے مثبت سوچ کو پروان چڑھانے کی بہترین کاوش کی، انھوں نے سنت کے مطابق نواز شریف کی عیادت کی۔
سابق چیئرمین سینیٹ اور پی پی کے سینئر رہنما نیئر بکاری کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو نے مخالفت برائے مخالفت والی سوچ کے خاتمے کی طرف تاریخی قدم اٹھایا۔
سینئر سینیٹر نے کہا کہ چیئرمین پی پی نے نواز شریف کی عیادت کر کے اپنے عمل کے ذریعے حقیقی سیاسی و قومی رہنما ہونے کا ثبوت دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ بلاول نے سیاسی رنجشیں بھلا کر انسانیت و اخلاقیات کو سر بلند کیا، پیپلز پارٹی نواز شریف کی صحت یابی کے لیے دعا گو ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بلاول بھٹو زرداری آپ کا بہت شکریہ ، مریم نواز
خیال رہے کہ آج پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کوٹ لکھپت جیل جا کر سابق وزیر اعظم نواز شریف کے ساتھ ملاقات کی، اس دوران بلاول بھٹو نے نواز شریف کو این آئی سی وی ڈی میں علاج کی پیش کش بھی کی۔
نواز شریف کی صاحب زادی مریم نواز نے بلاول بھٹو کا اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ کے ذریعے شکریہ ادا کیا، اور لکھا کہ بلاول بھٹو کی فکر مندانہ اور مدبرانہ سوچ قابل قدر ہے۔