The news is by your side.

Advertisement

ناظم جوکھیو قتل کیس : جام عبدالکریم سمیت 9 ملزمان کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری

اسلام آباد : ناظم جوکھیوقتل کیس میں جام عبدالکریم سمیت نو ملزمان کے نام ای سی ایل میں ڈالنےکی منظوری دے دی گئی ، وفاقی کابینہ نےسرکولیشن سمری کے ذریعے منظوری دی۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ نے ناظم جوکھیوقتل کیس میں جام عبدالکریم سمیت نو ملزمان کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری دے دی ، ملزمان میں جام اویس، حیدرعلی، میرعلی،محمدمعراج،جمال احمد شامل ہیں۔

وفاقی کابینہ نے سرکولیشن سمری کے ذریعے منظوری دی ، سمری وزارت داخلہ کوموصول ہوتے ہی نوٹی فکیشن جاری کیا جائے گا۔

اس سے قبل وفاقی حکومت کی ہدایت پر ایف آئی اے نے ناظم جوکھیوقتل کیس میں نامزد پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی کا نام عبوری قومی شناخت لسٹ میں شامل کر دیا تھا۔

ذرائع ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ پی این آئی ایل میں نام کی موجودگی پر جام عبدالکریم کے پاکستان داخلے پر انھیں حراست میں لے لیا جائے گا۔

خیال رہے جام عبدالکریم اعلان کے باوجود وطن واپس نہ پہنچے اور پھرعدالت سےرجوع کرلیا، جام عبدالکریم نے حفاظتی ضمانت میں بیس روز کی توسیع اور نام پی آئی این ایل میں شامل کرنے کا فیصلہ کالعدم قراردینے کی استدعا کی ہے۔

درخواست میں کہا گیا کہ حکومت درخواست گزار کو عدم اعتماد کی کارروائی سے روکنا چاہتی ہے , وزارت داخلہ کونام ای سی ایل میں شامل کرنےکاحق نہیں، درخواست گزار کا نام ای سی ایل سے خارج کرنے کا حکم دیا جائے۔

Comments

یہ بھی پڑھیں