کراچی : ناظم جوکھیو قتل کیس میں تفتیشی افسر نے ناظم جوکھیو کے بھائی افضل جوکھیو کو بیان کیلئے خط لکھ دیا، جس پر افضل جوکھیو نے تفتیشی افسر پر عدم اعتماد کا اظہار کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ناظم جوکھیو قتل کیس میں تفتیشی ٹیم نے تحقیقات مزید تیز کردیں ، تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ کسی غیر ملکی کی آمد کی تفصیلات سامنے نہیں آئیں ، گاڑی کس کے نام تھی ،ابھی تک ڈیٹا نہیں ملا۔3
اس حوالے سے تحقیقاتی ٹیم کے تفتیشی افسر نے افضل جوکھیو کو بیان کیلئے خط لکھا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ افضل جوکھیو نے تفتیشی افسر پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا میرا بیان 7 نومبر کو قلم بند ہوچکا ، مزید بیان جےآئی ٹی کے سامنے ریکارڈ کراؤں گا۔
گذشتہ روز ناظم جوکھیو قتل کیس کی تفتیش میں پیش رفت سامنے آئی تھی ، پولیس کو مقتول کا موبائل فون اور کپڑے کنویں سے مل گئے تھے، جس کے بعد تحقیقاتی ٹیم نے موبائل ڈیٹا کی مدد سے تفتیش تیز کردی۔
بعد ازاں ناظم جوکھیو قتل کیس میں جام اویس کے گارڈز کے بیانات سامنے آئے تھے، جس میں ملزمان نے مقتول پر تشدد کا اعتراف کیا اور موت کی ممکنہ وجہ بھی بتائی تھی۔