اسلام آباد(7 نومبر 2025): این سی سی آئی اے نے پاکستانیوں کا ڈیٹا انٹرنیٹ پر سر عام بیچنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق این سی سی آئی اے نے پاکستانیوں کا ڈیٹا انٹرنیٹ پر سر عام بیچنے کیخلاف وزیرداخلہ کے نوٹس پر کارروائی کرتے ہوئے ویب سائٹس پر پاکستانیوں کا ڈیٹا فروخت کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
این سی سی آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزم انیس احمد شاہ کا تعلق گاؤں برنگا تحصیل دریا خان، ضلع بھکر سے ہے، ملزم سے ایک ٹیرا بائٹ کی ہارڈ ڈسک، موبائل فونز، لیپ ٹاپ برآمد ہوا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم 10 سے زائد ویب سائٹس چلا رہا تھا جن پر ڈیٹا بیچا جارہا تھا، وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کا حکم دیا تھا۔
یاد رہے کہ ستمبر میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے کہا تھا کہ ادارے نے ذاتی ڈیٹا کی خرید و فروخت یا شیئرنگ میں ملوث 1372 ویب سائٹس و ایپلی کیشنز کو بلاک کر دیا ہے۔
پاکستان میں شہریوں اور اعلیٰ حکومتی عہدے داروں کا ذاتی ڈیٹا بڑے پیمانے پر آن لائن دستیاب ہونے کی خبر سامنے آئی تھی۔ اس ڈیٹا میں موبائل سم مالکان کا ایڈریس، کال ریکارڈز، قومی شناختی کارڈز کی نقول اور بیرون ملک سفر کی تفصیلات شامل ہیں۔
آن لائن فروخت کیے جانے والے اس ڈیٹا میں ملک کے وفاقی وزرا بھی شامل ہیں۔ ان کے علاوہ سرکاری افسران اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے ترجمان بھی ان متاثرہ افراد میں شامل ہیں۔


