اسلام آباد : نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے عیدالفطر کی تعطیلات کے لئے ہدایت نامہ جاری کر دیا ہے جس کے تحت عیدالفطر پر ناردرن ایریاز میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خصوصی احکامات دیئے گئے ہیں۔
عیدالفطر پر ناردرن ایریاز میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے عید الفطر کے حوالے سے این ایچ اے اور ایف ڈبلیو او کو خصوصی ہدایات جاری کردی ہیں۔
این سی او سی نے ہدایات دی ہیں کہ ایف ڈبلیو او اور این ایچ اے ٹول پلازوں پر عوام کی آگاہی کیلئے بینرز آویزاں کریں، صوبوں نے عید تعطیلات پر عوامی نقل و حرکت محدود کرنے کیلئے احکامات دیئے ہیں، ان پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے۔
این سی اوسی کے مطابق تمام صوبوں نے سیاحتی مقامات اور ہوٹلوں کی بندش کے احکامات دیئے، سیاحتی مقامات پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خصوصی ذمہ داری سونپی گئی ہیں، قانون نافذ کرنے والے ادارے سیاحتی مقامات کے انٹری پوائنٹس پر رش نہ ہونے دیں۔