اسلام آباد : قومی ادارہ صحت میں این سی او سی کی تشکیل نو کر دی گئی ، این سی او سی وفاقی، صوبائی اداروں سے کوآرڈی نیشن کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق قومی ادارہ صحت میں این سی او سی کی تشکیل نو کر دی گئی، ترجمان نے بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر این سی او سی کی تشکیل نو کی گئی ہے، وزیرقومی صحت این سی اوسی کی صدارت کریں گے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ وزارتیں، ڈائریکٹوریٹ این سی او سی آپریشنز میں معاونت کریں گے جبکہ این سی او سی وفاقی، صوبائی اداروں سے کوآرڈی نیشن کرے گی۔
یاد رہے وزیر اعظم شہباز شریف نے اومی کرون وائرس کی نئی قسم کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر این سی اوسی کی فوری طور پر بحالی کا حکم دیا تھا۔
خیال رہے مارچ میں تحریک انصاف کی حکومت نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کو بند کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ یکم اپریل سے ملک میں کرونا کی صورت حال کی مانیٹرنگ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) اسلام آباد کرے گا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ قومی ادارہ صحت کا سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول کرونا مانیٹرنگ کرے گا۔