اسلام آباد : مغربی ہواؤں کے نئے سلسلے کے پیش نظر شدید بارش کا الرٹ جاری کردیا گیا، شمالی علاقہ جات میں شدید برفباری کا بھی امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے 16 سے 22 جنوری کے دوران شمالی علاقہ جات میں شدید برفباری اور بارش کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا ہے۔
این ڈی ایم اے نے بتایا کہ مغربی ہواؤں کے نئے سلسلے کی آمد کے باعث مختلف علاقوں میں شدید موسمی صورتحال متوقع ہے۔
الرٹ میں کہا گیا کہ گلگت بلتستان، بالائی خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر میں بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ گلگت، ہنزہ، اسکردو، استور، چترال، دیر، مالم جبہ، سوات، بٹگرام، ناران، کاغان، گلیات اور مری میں وقفے وقفے سے برفباری متوقع ہے۔
آزاد کشمیر کے علاقوں نیلم ویلی، مظفرآباد، راولاکوٹ، باغ اور پونچھ میں بھی بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ شدید برفباری کے باعث پہاڑی علاقوں میں سڑکوں پر پھسلن، عارضی بندش اور حدِ نگاہ میں کمی کا خدشہ ہے، اس کے علاوہ برفانی تودے گرنے، لینڈ سلائیڈنگ اور حادثات کا خطرہ بھی بڑھ گیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق 20 سے 23 جنوری کے دوران پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی بارش متوقع ہے، عوام، مسافروں اور متعلقہ اداروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


