تازہ ترین

سرکاری خزانے میں خرد برد، اسرائیلی وزیراعظم کی اہلیہ کا اعترافِ جرم، عدالت نے سزا سنادی

یروشیلم: اسرائیلی وزیراعظم کی اہلیہ سارہ نیتن یاہو نے اپنے اوپر عائد ہونے والے الزامات کو تسلیم کرتے ہوئے سرکاری رقم کو ذاتی طور پر خرچ کرنے کا اعتراف کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق سارہ نیتن یاہو نے اتوار سولہ جنوری کے روز ہونے والی عدالتی سماعت میں خود پر عائد ہونے والے کو تسلیم کیا اور انکشاف کیا کہ انہوں نے ایک لاکھ ڈالر سرکاری فنڈ بے جا خرچ کیا۔

استغاثہ کے ساتھ طے ہونے والے معاہدے کے تحت نیتن یاہو کی اہلیہ جرم کا اعتراف کرنے پر جیل نہیں جائیں گی البتہ عدالت نے اُن پر ہزاروں ڈالر جرمانہ عائد کردیا۔ سارہ نیتن یاہو کو تقریباً ساڑھے 12 ہزار  ڈالر سرکاری خزانے میں جمع کرانے ہوں گے جبکہ انہیں عدالت کی طرف سے عائد ہونے والا 2 ہزار 775 ڈالر کا جرمانہ بھی ادا کرنا پڑے گا۔

مزید پڑھیں: نیتن یاھو کی کرپشن اور رشوت خوری کی نئی تفصیلات جاری

غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم کی اہلیہ کو تقریباً 15 ہزار ڈالر کی رقم ادا کرنا ہو گی جو وہ قسطوں میں ادا کریں گی۔

سارہ نیتن یاہو نے عدالت میں یہ بھی اعتراف کیا کہ جس دوران انہوں نے اپنے اور مہمانوں کے لیے کھانا منگوایا اُس وقت وزیراعظم ہاؤس میں ذمہ داریاں انجام دینے والا باورچی چھٹیوں پر تھا۔ جج نے سارہ نتین کے اعتراف پر استفسار کیا کہ ’’کیا آپ اپنے اور مہمانوں کے لیے خود سے کھانا نہیں بناسکتی تھیں، سرکاری رقم میں خیانت کرنے کا اختیار آپ کو کس نے دیا ہے‘‘۔

یاد رہے کہ سارہ نيتن ياہو پر الزام تھا کہ انہوں نے سرکاری ملازم کے ساتھ مل کر دھوکے سے تقريباً ايک لاکھ  ڈالر کے برابر سرکاری فنڈز میں خرد برد کی اور اس رقم کو عالی شان دعوتوں پر لگایا گیا۔

اسرائیلی قوانین کے مطابق اگر حکومتی عہدیداران کے گھر پر باورچی تعینات ہو تو اُس کی تنخواہ بھی سرکاری فنڈز سے دی جاتی ہے، ایسی صورت میں حکومتی شخصیت کو ہوٹلوں سے کھانا منگوانے یا من پسند پکوان کھانے کے لیے سرکاری فنڈ خرچ کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: سرکاری خزانے میں فراڈ پر اسرائیلی وزیر اعظم کی اہلیہ پر فرد جرم عائد

عدالتی کارروائی سے قبل استغاثہ کے ساتھ طے پانے والی ايک ڈيل کے تحت سارہ نيتن ياہو پر عائد زيادہ سنگين الزامات خارج کیے گئے۔ اسرائیلی وزیراعظم نے اہلیہ کے اعتراف کے بعد قوم کو پیغام دیا کہ ’’ہم اس امتحان سے بھی گزر جائیں گے، عوام آپس میں اتحاد برقرار رکھے‘‘۔

Comments

- Advertisement -