نیپال میں لینڈنگ کے دوران مسافر طیارے کے ٹائر میں آگ بھڑک اٹھی۔
نیپال کے کھٹمنڈو تریبھون انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ترکش ایئرلائنز کے طیارے کے ٹائروں میں لینڈنگ کے دوران اچانک آگ بھڑک اٹھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تمام مسافروں اور عملے کو باحفاظت نکال لیا گیا ہے۔
استنبول سے کھٹمنڈو جانے والی پرواز میں لینڈنگ کے دوران طیارے کے ٹائر کے دائیں جانب اچانک آگ لگ گئی جس کے فوری بعد ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا، طیارہ کال سائن ٹی کے 726 کے ساتھ استنبول سے کھٹمنڈو جا رہا تھا کہ لینڈنگ کے دوران حادثہ پیش آیا۔
فائر انجنوں کی مدد سے آگ پر قابو پالیا گیا ہے تمام مسافروں کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔
یہ پڑھیں: مسافر طیارہ ٹیک آف کے دوران رن وے پر موجود شخص سے ٹکرا گیا
ہوائی اڈے کے سکیورٹی سپرنٹنڈنٹ راجکمار سلوال کہا کہ پرواز میں کل 278 مسافر اور عملے کے 11 ارکان سوار تھے، اقوام متحدہ کے کچھ اہلکار بھی مسافروں میں شامل تھے۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ طیارے کے دائیں لینڈنگ گیئر میں آگ لگی ہے جس سے دھویں کے بادل اٹھ رہے ہیں۔ جہاز میں سوار مسافروں کو ہنگامی دروازوں کا استعمال کرتے ہوئے باہر نکالا گیا۔
اس واقعے کے حوالے سے ہوائی اڈے یا ایئر لائن کی جانب سے کوئی سرکاری بیان یا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ واقعے کی وجہ تا حال معلوم نہیں ہوسکی ہے۔ اسی طرح کے واقعات اس سے قبل تربھون انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ترکش ایئر لائنز کے ساتھ پیش آچکے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


