اسلام آباد : نیپرا نےموجودہ ٹرانسمیشن نظام کو فرسودہ قرار دے دیا۔ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ موجودہ ٹرانسمیشن سسٹم کےساتھ بجلی کے بحران پرقابو نہیں پایا جاسکتا۔
تفصیلات کے مطابق سرکارکا دعویٰ محض دعویٰ ہی نکلا، نیپرا کے دوٹوک مؤقف نے حکومت کے دعوؤں کی نفی کرتے ہوئے ہنڈیا بیچ چوراہے پر پھوڑدی۔
نیپرا حکام کا کہنا ہے کہ موجودہ سسٹم کےساتھ بجلی کے بحران پر قابو نہیں پایا جاسکتا۔ اتھارٹی نےاسٹیٹ آف انڈسٹری رپورٹ میں بتایا کہ ناقص ٹرانسمشن لائنز سے بجلی کی فراہمی متاثرہوتی ہے۔
نیپرا کے مطابق موجودہ ٹرانسمیشن نظام فرسودہ ہے۔ آلٹرن انرجی پلانٹ سے دو سال میں ستائیس سومیگاواٹ سے بجلی ضائع ہوئی۔ اینگرو پاورپلانٹ بھی قومی خزانے پر بوجھ بن گیا۔
نیپرا کے مطابق سالانہ آٹھ کروڑ روپے کا نقصان ہورہاہے، دوسری جانب وزارت پانی وبجلی نےریکارڈ پیداوار کا دعوی کرکے لوڈشیڈ نگ کےمارے شہریوں کے زخموں پرنمک چھڑکا۔
وزارت بجلی کےمطابق سترہ ہزار ایک سو بیس میگاواٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے۔ جس کے باعث پچانوے فیصد شہری اورچھیاسی فیصد دیہات میں لوڈشیڈنگ نہیں ہورہی۔