اسلام آباد (28 جنوری 2026): وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے پی پی ایم سی کی ہدایات کے تحت نیٹ میٹرنگ صارفین کے یونٹس کریڈٹ نہ کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے مسئلہ حل کر دیا۔
اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق پی پی ایم سی کی ہدایات کے تحت نیٹ میٹرنگ صارفین کے یونٹس کریڈٹ نہ کرنے کا نوٹس لینے کے بعد وفاقی وزیر اویس لغاری کے احکامات پر پی پی ایم سی کی جاری شدہ ہدایات پر فوری نظر ثانی شدہ ہدایات کے بعد یونٹس کریڈٹ کرنے کا مسئلہ حل کر دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نیٹ میٹرنگ صارفین کیلیے بجلی کی خریداری اور فراہمی کا نیا نظام
پاور ڈویژن کے ترجمان نے بتایا کہ کچھ نیٹ میٹرنگ صارفین نے اپنے لائسنس (DG Capacity) کے تحت منظور شدہ صلاحیت سے زیادہ نیٹ میٹرنگ سسٹم نصب کیے ہیں، گزشتہ ماہ ان میں سے چند صارفین کو گرڈ کو فروخت کی گئی پوری بجلی کا کوئی کریڈٹ نہیں دیا گیا، تاہم پاور ڈویژن نے وضاحت جاری کر دی ہے کہ یہ طریقہ درست نہیں تھا۔
ترجمان کے مطابق نظرثانی شدہ ہدایات کے تحت صرف وہی یونٹس کریڈٹ نہیں ہوں گے جو منظور شدہ صلاحیت سے زائد ہوں، اب منظور شدہ صلاحیت کے مطابق جو یونٹس نیشنل گرڈ کو بھیجے گئے ہیں ان کا کریڈٹ ملے گا۔
اس بارے تمام ڈسکوز کو ہدایات جاری کر دی گئی کہ جن صارفین کے بلوں میں نیٹ میٹرنگ کے یونٹس کریڈٹ نہیں ہوئے ان کیلیے متعلقہ ایڈجسٹمنٹ اگلے بلنگ سائیکل میں کر دی جائے گی۔
ترجمان نے مزید کہا کہ وفاقی وزیر اویس لغاری نے بجلی صارفین کو ان کے جائز حقوق دلانے پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


