اسلام آباد (13 فروری 2026): نیٹ میٹرنگ ریگولیشنز کے معاملے پر وزیر اعظم کے نوٹس کے بعد نیپرا میں نظرثانی کی درخواست دائر کر دی گئی ہے۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاور ڈویژن نے نیٹ سولر میٹرنگ سے متعلق باقاعدہ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں درخواست جمع کرا دی ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پہلے سے موجود سولر صارفین کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے اور ان کے لیے پرانے نیٹ میٹرنگ ریگولیشنز ہی برقرار رکھے جائیں۔
حکومت کی جانب سے استدعا کی گئی ہے کہ موجودہ صارفین کے معاہدوں میں کسی قسم کی تبدیلی نہ کی جائے اور یونٹ کے بدلے یونٹ کا فارمولہ بدستور نافذ رہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نظرثانی درخواست میں موجودہ سولر صارفین کے لیے نیٹ بلنگ کا نظام واپس لینے جبکہ صرف نئے سولر صارفین کے لیے نیٹ بلنگ متعارف کرانے کی تجویز دی گئی ہے۔
نیپرا ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کی نظرثانی درخواست موصول ہوچکی ہے، اتھارٹی کی جانب سے درخواست منظور ہونے کے بعد باقاعدہ سماعت کا فیصلہ کیا جائے گا۔ قواعد کے مطابق سماعت سے قبل عوامی سماعت کی تاریخ کا اشتہار جاری کرنا لازمی ہوگا۔
پیپلز پارٹی سولر نیٹ میٹرنگ کے معاملے پر وفاق سے ناراض
واضح رہے کہ اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ حکمران جماعت کی اتحادی پیپلز پارٹی سولر نیٹ میٹرنگ کے معاملے پر وفاق سے ناراض ہوگئی ہے۔
پیپلز پارٹی کے ذرائع نے بتایا کہ وفاق نے اتحادیوں کے اعتراضات کے باوجود نیٹ میٹرنگ سے متعلق فیصلہ کیا جس پر صدر مملکت آصف زرداری نے نیٹ میٹرنگ کا معاملہ وزیر اعظم کےسامنے اٹھایا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی کا وفاق سے بیشتر بلز پر اختلاف ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


