نیویارک (26 ستمبر 2025): اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے اقوام متحدہ میں اپنا خطاب غزہ کے فلسطینیوں کو زبردستی سنانے کیلیے فوج کو اقدامات کرنے کا حکم دے دیا۔
ٹائمز آف اسرائیل کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم آفس نے اسرائیلی دفاعی افواج (آئی ڈی ایف) کو ہدایت کی کہ وہ غزہ کی پٹی میں بڑے لاؤڈ اسپیکرز نصب کریں تاکہ نیتن یاہو کا اقوام متحدہ میں خطاب فلسطینیوں کو زبردستی سنایا جا سکے۔
اسرائیلی چینل 12 کے مطابق فوج نے اس حکم کی مخالفت کی کیونکہ اس کیلیے فوجیوں کو اپنی موجودہ پوسٹیں چھوڑ کر غزہ پٹی کے اُن علاقوں میں داخل ہونا پڑے گا جہاں فلسطینی مزاحمتی تنظہم حماس کے مزاحمت کار حملہ آور ہو سکتے ہیں۔
جبکہ ہاریٹز اخبار نے لکھا کہ اسرائیلی فوج وزیر اعظم آفس کی ہدایت کی نافرمانی نہیں کرے گی اور نیتن یاہو کی تقریر کو غزہ بھر میں نشر کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔
ایک فوجی عہدیدار نے ہاریٹز کو بتایا کہ یہ اقدام نفسیاتی جنگ کا ایک حصہ ہے۔
نیتن یاہو کی تقریر اسرائیلی وقت کے مطابق شام 4 بجے شروع ہوگی اور توقع ہے کہ یہ بنیادی طور پر مغربی ممالک کی جانب سے آزاد فلسطینی ریاست کے اعتراف پر تنقید پر مرکوز ہوگی۔
آئی ڈی ایف نے ان رپورٹس پر تبصرہ کرنے سے انکار کیا اور صحافیوں کو وزیر اعظم آفس سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی جس نے ابھی تک کوئی جواب جاری نہیں کیا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


