نیٹ فلکس کی نئی اور شاندار اینی میٹڈ فلم (Swapped) سواپڈ نے دنیا بھر کے باکس آفس اور اسٹریمنگ پلیٹ فارمز پر واقعی تہلکہ مچا دیا ہے۔
اسٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس کی نئی اینی میٹڈ فلم (Swapped) “سواپڈ” نے ریلیز کے صرف چند ہفتوں میں شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے نیا ریکارڈ قائم کردیا۔
یہ فلم نیٹ فلکس کی تاریخ کی سب سے تیز ترین 10 کروڑ (100 ملین) ویوز کا سنگ میل عبور کرنے والی اینی میٹڈ فلم بن گئی ہے۔
یہ فلم اسکائی ڈانس اینیمیشن اور نیٹ فلکس کا ایک زبردست اشتراک ہے جس کی ہدایات ناتھن گرینو نے دی ہیں۔ جو اس سے قبل ڈزنی کی معروف اینی میٹڈ فلم ‘Tangled’ کے شریک ہدایت کار رہ چکے ہیں۔
فینٹسی اور کامیڈی سے بھرپور اس فلم کی کہانی دو متحارب مخلوقات کے گرد گھومتی ہے، جنہیں ایک جادوئی واقعے کے بعد ایک دوسرے کی زندگی اور احساسات کو سمجھنے کے لیے جسم تبدیل کرنا پڑتا ہے۔
فلم کی کہانی کے مرکزی کردارایک جنگلی جانور ‘پوکو’ (جو گلہریا نیولے کی طرح دکھائی دیتا ہے) اور ایک پرندہ ‘جاوان’ ہیں اور یہ دونوں ایک دوسرے کے روایتی دشمن ہیں لیکن اتفاقاً ایک جادوئی شے کی وجہ سے ان دونوں کی روحیں ایک دوسرے کے جسم میں چلی جاتی ہیں۔
اب انہیں بقا کی جنگ لڑنے اور واپس اپنی دنیا میں آنے کے لیے ایک ساتھ مل کر خطرناک ترین سفر پر نکلنا پڑتا ہے۔
نیٹ فلکس کے ہفتہ وار ٹاپ ٹین اعداد و شمار کے مطابق فلم نے ریلیز کے پانچویں ہفتے میں 10 کروڑ ویوز کا سنگ میل عبور کیا، جو پلیٹ فارم کی تاریخ میں کسی بھی اینی میٹڈ فلم کے لیے تیز ترین رفتار قرار دی جا رہی ہے۔
فلم نے ریلیز کے ابتدائی تین دنوں میں ایک کروڑ 55 لاکھ ویوز حاصل کیے، جبکہ پہلے مکمل ہفتے میں اسے 3 کروڑ 87 لاکھ بار دیکھا گیا تھا جو نیٹ فلکس کی کسی بھی اینی میٹڈ فلم کے لیے ایک ہفتے کا سب سے بڑا ریکارڈ ہے۔




