آن لائن اسٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس کی نئی سائنس فکشن سیریز ’دی بروز‘ پلیٹ فارم پر سب سے زیادہ دیکھی جانے والی سیریز بن گئی ہے۔
سائنس فکشن سیریز ’دی بروز‘ The Boroughs نے ریلیز کے صرف 10 دنوں میں 15 ملین ویوز حاصل کرکے بڑی کامیابی اپنے نام کرلی۔
یہ 8 اقساط پر مشتمل انگلش سیریز 21 مئی 2026 کو ریلیز کی گئی تھی اور مختصر وقت میں ہی نیٹ فلکس کی مقبول ترین ٹی وی سیریز کی فہرست میں شامل ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا۔
مذکورہ سیریز کو جیفری ایڈیس اور ول میتھیوز نے تخلیق کیا ہے جبکہ مشہور سیریز ’اسٹرینجر تھنگز‘ کے خالق ڈفر برادرز اس کے ایگزیکٹو پروڈیوسرز ہیں۔
سیریز کی کہانی ایک پُرسکون اور بظاہر مثالی ریٹائرمنٹ کمیونٹی کے گرد گھومتی ہے جہاں رہائشیوں کو ایک پراسرار اور ماورائی خطرے کا سامنا کرنا پڑتا ہے، کہانی میں بزرگ کردار غیر معمولی حالات میں مل کر اس خطرے کا مقابلہ کرتے ہیں۔
سیریز میں ہالی ووڈ کے کئی معروف اداکار شامل ہیں جن میں الفریڈ مولینا، جینا ڈیوس، الفری ووڈارڈ، ڈینس او ہیر، کلارک پیٹرز اور بل پُلمین شامل ہیں۔
رپورٹس کے مطابق “دی بروز” نے اپنے پہلے ہفتے میں دنیا بھر میں 5.6 ملین ویوز اور 35.3 ملین گھنٹوں کا واچ ٹائم حاصل کیا، جس کے بعد یہ نیٹ فلکس کی ہفتہ وار رینکنگ میں پہلے نمبر پر آگئی۔
مشہور ریویو ویب سائٹ ’روٹن ٹماٹوز‘ پر بھی سیریز کو ناقدین کی جانب سے 96 فیصد اسکور ملا ہے، جبکہ ناقدین نے اس کی پراسرار کہانی، مزاح اور سائنس فکشن عناصر کے امتزاج کو منفرد قرار دیا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل نیٹ فلکس پر سب سے زیادہ دیکھی جانے والی سیریز کا اعزاز سائنس فکشن شو "اسٹرینجر تھنگز” (Stranger Things) اور "اسکوڈ گیم” (Squid Game) کے پاس تھا جبکہ "وینز ڈے”(Wednesday) سب سے زیادہ دیکھے جانے والے انگریزی شوز میں سب سے اوپر ہے۔


