کراچی : سندھ حکومت نے بھی کل سے تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے کہ ہفتہ وار چھٹیوں کا نیا شیڈول جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ میں نئے تعلیمی سال کا آغاز کل بروز بدھ یکم اپریل سے ہو رہا ہے، محکمہ تعلیم نے اسٹیرنگ کمیٹی کے فیصلے کی روشنی میں تعلیمی سرگرمیوں کی بحالی کے ساتھ ساتھ ہفتہ وار تعطیلات کے حوالے سے بھی اہم اعلان کر دیا ہے۔
حکومتِ سندھ نے کفایت شعاری اور توانائی بچت اقدامات کے تحت صوبے بھر کے تمام سرکاری و نجی اسکولوں میں ہفتے میں دو دن (ہفتہ اور اتوار) تعطیل کا فیصلہ کیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق، ہفتہ کی یہ چھٹی حکومت کے اگلے حکم نامے تک برقرار رہے گی۔
وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ نے نئے تعلیمی سال کے آغاز پر اساتذہ، طلبہ اور والدین کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تعلیمی تسلسل کو برقرار رکھنا ہماری ترجیح ہے۔
دوسری جانب چیئرمین آل سندھ پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن حیدر علی نے بھی تصدیق کی ہے کہ تمام نجی تعلیمی ادارے یکم اپریل سے معمول کے مطابق کھلیں گے۔
ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ اسکولوں میں نئے داخلوں کا عمل جاری رہے گا، جبکہ نویں اور دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات بھی اپنے مقررہ شیڈول کے مطابق منعقد کیے جائیں گے۔
حیدر علی کا کہنا تھا کہ اسکولوں کی سطح پر فزیکل کلاسز کا کوئی متبادل نہیں ہوتا، اس لیے محکمہ تعلیم کی جانب سے تعلیمی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی قابلِ تعریف ہے۔
انور خان اے آر وائی نیوز کراچی کے لیے صحت، تعلیم اور شہری مسائل پر مبنی خبریں دیتے ہیں


