مری :عید الفطر کی تعطیلات کے دوران مری جانے والے سیاحوں کے لئے نئی ایڈوائزی جاری کردی گئی ، سیاح سفر سے قبل سیف ٹورازم مری ایپ لازمی ڈاؤن لوڈ کریں۔
تفصیلات کے مطابق ضلعی پولیس مری نے عید الفطر کی تعطیلات کے دوران سیاحوں کے غیر معمولی رش کے پیشِ نظر ٹریفک ایڈوائزری اور سیکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس سال عید پر 4 سے 5 لاکھ سیاحوں کی ملکہ کوہسار آمد متوقع ہے۔
ڈی پی او مری ڈاکٹر محمد رضا تنویر نے کہا کہ گزشتہ سال عید کے پہلے چار دنوں میں بالترتیب 28 ہزار سے 57 ہزار تک گاڑیاں مری میں داخل ہوئی تھیں، جبکہ مری میں گاڑیوں کی روزانہ کی گنجائش محض 8 سے 12 ہزار ہے، اس بڑے چیلنج سے نمٹنے کے لیے جامع ٹریفک مینجمنٹ پلان تیار کر لیا گیا ہے۔
سیاحوں کی سہولت کے لیے ’’سیف ٹورازم مری‘‘ ایپ متعارف کرائی گئی ہے، ڈی پی او نے مشورہ دیا ہے کہ سیاح سفر سے قبل یہ ایپ لازمی ڈاؤن لوڈ کریں۔
اس ایپ کے ذریعے ریسکیو 1122، موٹروے پولیس اور ٹریفک پولیس تک فوری رسائی ممکن ہوگی، واٹس ایپ کے ذریعے ڈی پی او سے براہِ راست رابطہ کیا جا سکے گا جبکہ ہوٹلوں، سیاحتی مقامات اور موسم کی تازہ ترین صورتحال معلوم ہوگی۔
ایپ میں خواتین کے لیے ‘ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن’ کی سہولت بھی موجود ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے عید کے دوران مری میں بارش اور گرج چمک کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
پولیس نے سیاحوں کو محتاط ڈرائیونگ اور ٹریفک قوانین کی سختی سے پابندی کرنے کی ہدایت کی ہے۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ہیلپ لائن 15 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


