ریاض: سعودی حکومت کی جانب سے غیر ملکیوں کے لیے وطن واپسی کے لیے خصوصی انتظامات کے تحت ’عودہ‘ کی سہولت تاحال جاری ہے۔
سعودی وزارت داخلہ نے ’ابشر‘ اکاؤنٹ پر ’عودہ‘ کا خصوصی آپشن فراہم کیا ہے جس میں وہ غیر ملکی جن کے پاس فائنل ایگزٹ یا ری انٹری ویزا کے علاوہ وزٹ یا دیگر ویزوں پر آنے والے افراد کو بھی واپسی کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
عودہ آپشن کے ذریعے مختلف ممالک کے شہریوں کو رجسٹر کرنے کے بعد ان ممالک کے سفارت خانوں سے رابطہ کیا جاتا ہے تاکہ وہ اپنے شہریوں کی واپسی کے لیے بین الاقوامی سفر کا بندوبست کریں۔
عودہ آپشن پر اندراج کرانے کا طریقہ انتہائی آسان ہے جس میں سفر کرنے والے کا اقامہ نمبر تاریخ پیدائش، موبائل نمبر اور جس شہر سے سفر کرنا اور جہاں جانا ہے کہ اندراج کیا جاتا ہے۔
سعودی حکام کے مطابق ہروب یعنیٰ فرار قانون محنت میں سنگین جرم میں شامل ہے، جس غیر ملکی کارکن کا ہروب لگا ہو جوازات میں اسکی فائل روک لی جاتی ہے اور اس کا سفر اس وقت تک ممکن نہیں ہوتا جب تک یہ ثابت نہ ہوجائے کہ جس کا ہروب لگا ہے اس سے کوئی اخلاقی یا فوجداری جرم سرزد نہیں ہوا۔
غیر ملکی کارکن جن کا ہروب لگا ہو اسے کینسل کرانے کے بعد ہی سفر کی اجازت دی جا سکتی ہے، ہروب درج ہونے کے 15 دن کے اندر کفیل اسے ختم کراسکتا ہے اور اگر یہ مدت ختم ہوجائے پھر کفیل کو وزارت افرادی قوت یا لیبر کورٹ میں کیس درج کر کے ان وجوہات کو بیان کرنا ہوتا ہے جس کے تحت کارکن کا ہروب لگایا گیا تھا۔
سعودی حکام کے مطابق ایسے افراد جو کسی بھی طرح سے بلیک لسٹ یا کسی بھی ادارے کو مطلوب ہوں انہیں مملکت سے اس وقت تک جانے کی اجازت نہیں دی جاتی جب تک ان پر عائد کیس ختم نہیں ہوجاتا یا وہ اس سے بری نہیں ہوجاتے۔