کراچی : قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی اظہر علی نے کہا ہے کہ پی ایس ایل الیون سے نئے فاسٹ بالر سامنے آئیں گے۔
اے آر وائی پوڈ کاسٹ میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) کے آغاز میں ہمارے مقامی بالرز نے اپنی کارکردگی سے خود کو منوایا، ان کی بالنگ کا معیار بہت زبردست تھا، اس کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے، اسی دوران قومی ٹیم کو بہت سے مایہ ناز بالرز ملے۔
انہوں نے کہا کہ دبئی میں ہونے والی پی ایس ایل میں بہت سے اچھے اسپنرز سامنے آئے، ان کا کہنا تھا کہ جب تک کسی بھی لیگ کا لوکل ٹیلنٹ اچھا نہیں ہوگا وہ دلچسپ نہیں کہلائے گی، غیر ملکی کھلاڑی تو آجاتے ہیں لیکن جو اہمیت مقامی کھلاڑیوں کی ہوتی ہے وہ ان کی نہیں ہوسکتی۔
ایک سوال کے جواب میں اظہر علی نے کہا کہ گزشتہ سالوں کی نسبت اس بار مجھے امید ہے کہ اچھے فاسٹ بالرز سامنے آئیں گے، انہوں نے فاسٹ بالرز علی رضا، سبحان اور لیفٹ آرم بالر شہزاد گل کے بارے میں مثبت توقعات کا اظہار کیا۔
بیٹسمینوں سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ انڈر 19 سے سمیر اور فرحان یوسف ایسے بیٹر ہیں جو قومی ٹی 20 ٹیم میں اپنی جگہ بنا سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان سپرلیگ کے لیے پلئیر آکشن 11 فروری کو ہوگا جب کہ میگا ایونٹ 26 مارچ سے 3 مئی تک 5 شہروں میں کھیلا جائے گا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


