کراچی: کرونا وائرس کے پھیلاؤ میں تیزی آنے کے بعد چند دن قبل کھلنے والی درگاہیں اور مزارات دوبارہ بند کرنے کے احکامات جاری کر دیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے پھر اپنے فیصلے میں رد و بدل کر دیا، اور چند دن قبل صوبے بھر کی تمام کھلنے والی درگاہوں اور مزارات کو دوبارہ بند کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔
یہ فیصلہ وزیر اوقاف سہیل انور سیال کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں کیا گیا، اجلاس کے بعد محکمہ اوقاف نے تمام مزارات اور درگاہیں دوبارہ بند کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔
28 مارچ سے 8 اپریل تک سندھ بھر کی درگاہیں اور مزارات بند رہیں گے، محکمہ اوقاف سندھ کا کہنا ہے کہ درگاہیں اور مزارات زائرین کے لیے بند کرنے کا فیصلہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ منگل کو محکمہ اوقاف نے کراچی، سکھر، حیدر آباد کے ایڈمنسٹریٹر اوقاف کو مراسلہ لکھ کر حکم دیا تھا کہ سندھ بھر میں تمام مزارات اور درگاہیں کھول دی جائیں۔
درگاہوں اور مزارات کھولنے کے لیے 18 نکاتی ایس او پیز بھی جاری کیے گئے تھے، محکمہ اوقاف نے ہدایت کی تھی کہ درگاہوں اور مزارات پر ایس او پیز کا مکمل خیال رکھا جائے۔
محکمہ اوقاف کے مراسلے کے بعد کراچی میں عبداللہ شاہ غازی کے مزار کو کھول دیا گیا، زائرین کو ماسک لازمی پہننے اور سماجی فاصلوں کو یقینی بنانے کی سخت ہدایت کی گئی تھی۔