تازہ ترین

ورلڈ کپ 2019: قومی ٹیم کی نئی کٹ کی رونمائی ہو گئی، ویڈیو جاری

لاہور: ورلڈ کپ 2019 کے لیے پاکستانی ٹیم کی نئی کٹ کی رونمائی کر دی گئی، کٹ میں ہمیشہ کی طرح سبز رنگ نمایاں ہے۔

تفصیلات کے مطابق کرکٹ کا عالمی میلہ بس 9 دن کی دوری پر رہ گیا ہے، پی سی بی نے قومی کرکٹ ٹیم کی نئی کٹ کی رونمائی کر دی، اس سلسلے میں ایک ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے۔

نئی کٹ پر ایک طرف ورلڈ کپ 2019 اور دوسری طرف پاکستان کرکٹ بورڈ کا لوگو ہے، پی سی بی نے نئی کٹ کے ساتھ کھلاڑیوں کی ویڈیو بھی جاری کر دی۔

قومی ٹیم کی کٹ کا رنگ ہلکا اور گہرا سبز ہے، سبز رنگ کی کٹ پر سفید رنگ سے کھلاڑیوں کے نام اور نمبر لکھے گئے ہیں۔

دریں اثنا، کرکٹ ورلڈ کپ دو ہزار انیس کا میلہ سجنے کو ہے، کرکٹ کے سب سے بڑے میلے کے لیے پاکستان ٹیم کل سے تیاریوں کو حتمی شکل دے گی۔

پاکستان کرکٹ ٹیم لیڈز سے برسٹل پہنچ گئی، عالمی کپ سے پہلے قومی ٹیم کے پاس خامیوں کو دور کرنے کا آخری موقع ہے، شاہین بولنگ اور فیلڈنگ کی غلطیوں کو سدھارنے کے لیے کل سے پریکٹس کا آغاز کریں گے۔

شاداب خان بھی کل کے ٹریننگ سیشن کا حصہ ہوں گے، قومی ٹیم ورلڈ کپ کا پہلا وارم اپ میچ افغانستان سے، دوسرا بنگلہ دیش سے ہوگا جب کہ ورلڈ کپ میں قومی ٹیم اپنی مہم جوئی کا آغاز 31 مئی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ سے کرے گی۔

ورلڈ کپ میں 10 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، ایونٹ کل 33 دن پر مشتمل ہوگا، 48 میچز کھیلے جائیں گے، اور ٹرافی کے لیے گھمسان کا رن پڑے گا، ایونٹ میں دنیائے کرکٹ کے بہترین اسٹارز ایکشن میں نظر آئیں گے۔

مبصرین نے آسٹریلیا، انگلینڈ، بھارت اور پاکستان کو ٹائٹل کے لیے فیورٹ قرار دیا ہے، 30 مئی کو انگلینڈ میں شروع ہو نے والی کرکٹ کی اس عالمی جنگ کا افتتاحی میچ میزبان انگلینڈ اور جنوبی افریقا کے درمیان لندن میں ہوگا۔

Comments

- Advertisement -