لندن: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے وکٹ کپیر کے دستانوں پر اعتراض اٹھنے کے بعد مہندرا سنگھ دھونی آئندہ ہونے والے ورلڈکپ کے تمام میچز میں نئے گلوز کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔
تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے 6 جون کو دھونی کے دستانوں پر اعتراض کرتے ہوئے ان پر آویزاں فوجی نشان پر اعتراض کیا تھا اور اسے فوری طور پر ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ورلڈ کپ 2019 کے اپنے پہلے میچ میں بھارت کے وکٹ کیپر مہندر سنگھ دھونی کے گلوز پر بھارتی فوج کا نشان دیکھا گیا تھا جسے آئی سی سی نے ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا۔
آئی سی سی کے جنرل منیجر برائے اسٹریٹیجک کمیونی کیشنز نے بتایا کہ بی سی سی آئی سے درخواست کی گئی ہے کہ دھونی کے گلوز پر بنے ہوئے نشان کو فوری طور پر ہٹایا جائے۔
جنوبی افریقا کے خلاف میچ میں جب دھونی نے فلک وائیو کو اسٹمپڈ آؤٹ کیا تو ان کے دستانوں پر ‘بلدان‘ کا نشان واضح طور پر دیکھا گیا تھا، یہ خصوصی نشان فوج کا ہے جو پیرا ملٹری کمانڈوز کے یونیفارم پر آویزاں ہوتا ہے۔
مزید پڑھیں: آئی سی سی کا دھونی کے گلوز سے بھارتی فوج کا نشان ہٹانے کا مطالبہ
آئی سی سی کی جانب سے اعتراض اٹھائے جانے کے بعد بھارت آج ایک بار پھر میدان میں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا سے ٹکرائے گا۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کے حکام نے وکٹ کپیر کو آئندہ تمام میچز کے لیے گلوز تبدیل کرنے کا مشورہ دیا۔
نئے گلوز کی تصویر ای ایس پی این کی جانب سے شیئر کی گئی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دستانوں پر کوئی نشان نہیں اور دھونی بغیر نشان والے گلوز کے ساتھ آئندہ تمام میچز میں وکٹ کیپنگ کریں گے۔
A new pair of gloves for MSD #dhoni #MSDhoni #AusvInd #CWC19
Photo courtesy Bipin Patel pic.twitter.com/5SoXaYA8fx
— ESPNcricinfo (@ESPNcricinfo) June 9, 2019
یاد رہے کہ اس سے قبل فروری 2019 میں آسٹریلیا کی ٹیم کے خلاف اپنے ہی ہوم گراؤنڈ پر بھارتی کرکٹ ٹیم نے فوجی کیپ پہن کر ون ڈے انٹرنیشنل میچ کھیلا تھا جس کا مقصد پلوامہ حملے میں مرنے والے اہلکاروں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی تھا۔