اسلام آباد : محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے نے 16 سے 19 اپریل کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ بارش کا الرٹ جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق ملک میں بارشوں کا ایک اور طاقتور سسٹم داخل ہونے کے لیے تیار ہے، جس کے پیشِ نظر محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
16 سے 19 اپریل کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر شدید ژالہ باری متوقع ہے۔
خیبرپختونخوا میں پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کرتے ہوئے پیشگی اقدامات کی ہدایت کی ہے۔
پشاور، مردان، نوشہرہ، چارسدہ اور صوابی سمیت مختلف اضلاع میں آندھی اور بارش کا امکان ہے، جبکہ چترال، دیر، سوات، شانگلہ اور ملاکنڈ ڈویژن میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
بالائی اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی جبکہ چترال اور کوہستان میں ‘فلیش فلڈنگ’ کا بھی خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔
مری، گلیات، اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان کے پہاڑوں پر برف باری متوقع ہے، جبکہ سندھ اور بلوچستان میں گرد آلود ہوائیں چلنے اور ہلکی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
حکام نے انتباہ جاری کیا ہے کہ تیز ہواؤں اور ژالہ باری سے کمزور انفراسٹرکچر، بجلی کے کھمبوں، سولر پینلز اور کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے جبکہ کسانوں کو حفاظتی اقدامات کرنے اور سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے ریسکیو ٹیموں کو الرٹ رہنے، نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے اور اہم شاہراہوں کو کھلا رکھنے کے لیے وسائل کی دستیابی یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


