دوحہ: خلیجی ملک قطر نے ملک میں داخلے کے حوالے سے نئی پابندیاں عائد کی ہیں، مقامی اور غیرملکیوں کو جاری کردہ شرائط پر عمل کرنا ہوگا۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق قطری وزارت صحت نے قطر آنے والے جی سی سی ممالک کے باشندوں اور غیرملکیوں کے لیے نئی شرائط رکھی ہیں تاکہ وبا کا پھیلاؤ ہر ممکن حد تک روکا جاسکے۔
وزارت صحت کا کہنا ہے قطر پہنچنے پر خلیجی شہریوں کا پی سی آر ٹیسٹ ہوگا اور ان سے وائرس سے پاک ہونے کا سرٹیفکیٹ طلب کیا جائے گا، ان طبی سینٹرز کے سرٹیفکیٹ قابل قبول ہوں گے جنہیں قطر نے تسلیم کیا ہوا ہے۔ جبکہ حمد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور ابوثمرہ سرحدی پر آنے والوں کا چیک پوسٹ پر کوروناٹیسٹ ہوگا۔
قطری وزارت نے بتایا کہ چیک پوسٹ پر ہونے والے کوروناٹیسٹ کی قیمت 300 قطری ریال مقرر کی گئی ہے۔
سعودی عرب اور قطر سے بڑی خوشخبری
مسافروں کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بری سرحدی راستے یا فضائی سفر سے قطر آنے سے پہلے احتراز نامی ایپ ڈاؤن لوڈ کرلیں اس کے علاوہ ملک پہنچنے پر قطری موبائل نمبر کا استعمال یقینی بنائیں۔
ملکی وزارت صحت نے کہا ہے کہ قطر کی جانب سے منظوری شدہ ویکسین لگوانے والے مذکورہ بالا پابندیوں سے مستثنیٰ ہوں گے تاہم قطر پہنچنے پر انہیں ویکسین کارڈ یا سرٹیفکیٹ پیش کرنا ہوگا۔
والدین کے ہمراہ قطر آنے والوں کے بچوں کو ایک ہفتے کے لیے ہوٹل قرنطینہ کا پابند بنایا جائے گا جبکہ کورونا سے صحت یاب اور ویکسین کی ایک خوراک لینے والوں کو ہوٹل قرنطینہ سے استثنی دیا گیا ہے۔