لاہور : پنجاب بھر میں ڈیجیٹل ادائیگیوں پر ٹیکس کٹوتی کا نیا نظام لاگو کردیا گیا، جس کے تحت ڈیبٹ یا کریڈٹ کارڈ کے ذریعے ادائیگی پر 8 فیصد اور 16 فیصد ٹیکس کٹے گا۔
تفصیلات کے مطابق حکومتِ پنجاب نے ٹیکس محصولات کی شفاف اور براہِ راست ادائیگی یقینی بنانے کے لیے صوبے بھر میں ڈیجیٹل ادائیگیوں پر ٹیکس کٹوتی کا نیا اور جدید نظام نافذ کر دیا۔
ترجمان پنجاب ریونیو اتھارٹی (پی آر اے) نے بتایا کہ اس نئے نظام کے تحت اب ڈیبٹ یا کریڈٹ کارڈ کے ذریعے کٹنے والا ٹیکس براہِ راست حکومت کے کھاتے میں منتقل ہوگا۔
عوام کو ڈیجیٹل لین دین کی طرف راغب کرنے کے لیے حکومت کی جانب سے مختلف شعبوں میں ٹیکس کی شرح میں نمایاں کمی کی گئی ہے۔
ہوٹل سروسز پر کیش ادائیگی کی صورت میں 16 فیصد ٹیکس لاگو ہوگا، تاہم ڈیجیٹل ادائیگی پر یہ شرح کم کر کے 8 فیصد کر دی گئی ہے۔
بیوٹی پارلرز، سیلونز اور فیشن ڈیزائنرز پر ٹیکس کی شرح صرف 5 فیصد مقرر کی گئی ہے جبکہ کاسمیٹک سرجری، پلاسٹک سرجری اور لیزر ٹریٹمنٹ جیسی سروسز پر بھی ٹیکس صرف 5 فیصد ہوگا۔
اس کے علاوہ ایونٹ مینجمنٹ، ٹور آپریٹرز اور جمنازیم (Gyms) کی سروسز پر 8 فیصد ٹیکس لاگو کیا گیا ہے۔
ترجمان پی آر اے نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ ٹیکس کی محفوظ اور شفاف منتقلی کے لیے زیادہ سے زیادہ ڈیجیٹل ادائیگیاں کریں اور کسی بھی سروس کے حصول کے بعد ‘پکی رسید’ ضرور طلب کریں۔
اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ جو کاروباری حضرات یا ادارے پکی رسید دینے سے انکار کریں، شہری ان کی فوری شکایت پنجاب ریونیو اتھارٹی کے متعلقہ پلیٹ فارمز پر درج کروائیں تاکہ ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔


