پیر, جولائی 20, 2026
اشتہار

نیویارک میئر کا الیکشن ! مسلمان امیدوار ظہران ممدانی نئی تاریخ رقم کرنے کے قریب

اشتہار

حیرت انگیز

نیویارک ٌ امریکی شہر نیویارک کے میئر کے الیکشن میں کچھ گھنٹے ہی باقی رہ گئے ہیں ، مسلمان امیدوار ظہران ممدانی نئی تاریخ رقم کرنے کے قریب ہے۔

تفصیلات کے مطابق امریکا کے سب سے بڑے شہر نیویارک میں میئر کے انتخاب کے لیے پولنگ میں چند گھنٹے باقی ہیں، جبکہ تازہ ترین سروے کے مطابق ڈیموکریٹک امیدوار ظوہران ممدانی بدستور برتری حاصل کیے ہوئے ہیں۔ اگر وہ کامیاب ہوئے تو وہ شہر کے تاریخ میں پہلے مسلمان میئر بن جائیں گے۔

انتخابی مہم کے اختتامی مرحلے میں ظوہران ممدانی نے اپنی توجہ مخالف امیدوار سابق گورنر اینڈریو کومو کے ووٹرز پر مرکوز کر دی ہے، جو حالیہ ہفتوں میں ارب پتی ڈونرز کی مدد سے اپنی مہم تیز کر چکے ہیں تاہم، تازہ پولز میں ممدانی کو 54 فیصد عوامی حمایت حاصل ہے جبکہ کومو 42 فیصد کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

ممدانی، جو یوگنڈا میں پیدا ہوئے اور بچپن میں نیویارک منتقل ہوئے، نہ صرف ایک مسلمان اور جنوبی ایشیائی پس منظر رکھنے والے امیدوار ہیں بلکہ وہ اردو زبان پر بھی عبور رکھتے ہیں۔

انہوں نے اپنی مہم میں مہنگائی، کرایوں میں اضافہ، تعلیم اور صحت کی سہولیات جیسے عوامی مسائل کو مرکزی نکتہ بنایا ہے۔

ہفتے کے روز ممدانی نے سول رائٹس رہنما ریورنڈ ال شارپٹن کے ہمراہ مشرقی ہارلم میں انتخابی جلسے سے خطاب کیا، جہاں انہوں نے کہا کہ "یہ انتخاب صرف ایک شخص کا نہیں، بلکہ نیویارک کے مستقبل کا ہے”۔

سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ ممدانی کی نوجوان ووٹرز میں مقبولیت، بائیں بازو کے نظریات اور متوسط طبقے کے مسائل پر توجہ ان کی کامیابی کے بڑے عوامل بنے ہیں۔

انتخابی عمل کے دوران ابتدائی ووٹنگ میں غیر معمولی جوش دیکھنے میں آیا، 25 اکتوبر سے شروع ہونے والی ارلی ووٹنگ میں 5 لاکھ 80 ہزار سے زائد ووٹرز حصہ لے چکے ہیں، جو پچھلے میئر الیکشن کے مقابلے میں 20 فیصد زیادہ ہے، صرف ہفتے کے روز ایک لاکھ چار ہزار ووٹرز نے ووٹ دیا، جو اب تک کا سب سے زیادہ دن کا ریکارڈ ہے۔

تازہ ترین سیاسی پیشرفت کے مطابق ہفتے کو ممدانی نے بروکلین میں ایک چرچ سروس میں شرکت کی، جہاں ان کے ساتھ ہاؤس مائنارٹی لیڈر حکیم جیفریز اور نیویارک کی اٹارنی جنرل لیٹیشیا جیمز بھی موجود تھیں۔ دونوں رہنما شہر کے سیاہ فام ووٹرز پر گہرا اثر رکھتے ہیں۔

سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر ظوہران ممدانی کامیاب ہوئے تو یہ نیویارک سٹی کی سیاسی تاریخ میں ایک تاریخی لمحہ ہوگا، جو تنوع، برداشت اور اقلیتوں کی نمائندگی کے نئے دور کا آغاز ثابت ہو سکتا ہے۔

پولنگ کا عمل مقامی وقت کے مطابق صبح 7 بجے سے رات 9 بجے تک جاری رہے گا، جبکہ نتائج کا اعلان کل صبح تک متوقع ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں