بدھ, مئی 14, 2025
اشتہار

ابوظہبی ٹیسٹ، دوسرے روز کا کھیل مکمل، نیوزی لینڈ کی 56 رنز ایک وکٹ گر گئی

اشتہار

حیرت انگیز

ابوظہبی: پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان جاری پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کا کھیل مکمل ہوگیا، قومی ٹیم  پہلی اننگز میں 227 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی جس کے جواب میں کیویز نے 1 وکٹ کے نقصان پر 56 رنز اسکور کرلیے۔

ابوظہبی ٹیسٹ میچ کے پہلے روز نیوزی لینڈ کی ٹیم 153 رنز پر ڈھیر ہوئی تھی، پہلے روز کھیل کے اختتام پر پاکستان نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 59 رنز بنائے تھے۔

گرین شرٹس  نے دوسرے روز  59 رنز دو کھلاڑیوں کے نقصان پر اننگز کا آغاز کیا تو اظہر علی اور حارث سہیل میدان میں آئے اور وہ زیادہ دیر وکٹ پر ٹک نہ سکے، قومی ٹیم کی تیسری اور چوتھی وکٹ 91 کے مجموعے پر گر گئیں۔

بعد ازاں کوئی بھی کھلاڑی زیادہ دیر وکٹ پر نہ رک سکا اور پوری ٹیم صرف 74 رنز سبقت حاصل کر کے 227 رنز پر آؤٹ ہوئی، سرفراز الیون کی جانب سے اسد شفیق 62 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جبکہ نیوزی لینڈ کے باؤلر ٹرینٹ بولٹ نے 54 رنز دے کر چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

ٹیسٹ  کےدوسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک نیوزی لینڈ کی ٹیم نے 1 وکٹ کے نقصان پر 56 رنز اسکور کیے، کین ولمسن 27 اور جیت راول 26 کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔

نیوزی لینڈ کو لیڈ برابر کرنے کے لیے مزید 18 رنز درکار ہیں۔

قبل ازیں ابوظہبی ٹیسٹ میچ کے پہلے روز نیوزی لینڈ کی ٹیم 153 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی تھی، کیوی کپتان کین ولیم سن کے علاوہ کوئی بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکا تھا انہوں نے 63 رنز  اسکور کیے تھے۔

کھانے کے بعد کیوی بلے باز ولیم سن اور نکولس نے شراکت قائم کرنے کی کوشش کی مگر وہ زیادہ دیر تک نہ چل سکی، نکولس 28 رنز بنا کر پویلین لوٹے اور گرینڈ ہوم بغیر کوئی رن بنائے حسن علی کا شکار بنے۔

بی جے واٹلنگ 10 رنز بنا، سودھی 4 رنز،  واگنر  12 اور پٹیل صرف 6 رنز اسکور کرسکے تھے۔

پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، حسن علی، محمد عباس اور حارث سہیل نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

مہمان ٹیم کی جانب سے ٹام لیتھم اور جیت روال نے اننگزکا آغاز کیا تو 20 کے مجموعی اسکور پر جیت راول 7 رنز بنا کر فاسٹ باؤلر محمد عباس کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

ٹام لیتھم بھی کریز پر زیادہ دیر تک نہ رک سکے اور13 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، روس ٹیلر 2 رنز بناسکے، دونوں بلے بازوں کو یاسر شاہ نے آؤٹ کیا۔

یاد رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان 4 سال قبل متحدہ عرب امارات میں ہونے والی ٹیسٹ سیریز 1-1 سے برابر رہی تھی۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان اب تک 55 ٹیسٹ میچز ہوئے ہیں جن میں پاکستان نے 24 اور نیوزی لینڈ نے 10 جیتے جبکہ 21 میچ ڈار رہے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ میں فاسٹ باؤلر محمد عباس کو انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ انہوں نے آسٹریلیا کے خلاف گزشتہ ٹیسٹ سیریز میں عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ئوے 2 ٹیسٹ میچز میں 17 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں